احتساب عدالت، فراڈ ملزموں کی 50 ارب کی جائیدادیں منجمد کرنیکا حکم

September 24, 2021

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹیو جج محمد بشیر نے برطانیہ میں 6 کروڑ پاؤنڈ مارٹگیج فراڈ کیس میں ملوث پاکستان آنے والے ملزمان نثار افضل اور صغیر افضل کے علاوہ تمام اہل خانہ اور رشتہ داروں کی ملکیتی50 ارب کی پراپرٹیز منجمد کرنے کی منظوری دے دی۔ عدالت نے یہ بھی کہاکہ ملزمان کا اثاثے فروخت کرنے کا امکان ہے، فوری طور پر تمام اداروں کو آگاہ کیا جائے،نیب کے مطابق ٹھوس شواہد ہیں کہ ملزمان نے ناجائز اثاثے بنائے،نیب تفتیشی افسر ملک عزیر ریحان کا بیان قلمبندکیا گیا اورملزمان کے اربوں روپے کے اثاثوں کی تصدیق کردی، نیب کے مطابق ملزمان کی اسلام آباد کے پوش علاقے ایف سیکٹر میں 11بنگلے، اسلام آباد کے علاقوں ترنول، بھڈانہ، تمیر میں 650کنال اراضی،اٹک، فتح جنگ اور رنگ روڈ کے اطراف 10ہزار کنال اراضی منجمدکی جاتی ہے،ملزم نثار افضل اربوں روپے کے اثاثے بنانے کا کوئی ثبوت فراہم نہ کرسکا۔