ٹیبل ٹینس ٹیم کو کلیئرنس جاری لیکن ایشین ایونٹ میں شرکت مشکوک

September 25, 2021

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے جمعے کی شب پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کو دوحا میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں شر کت کے لئے این او سی جاری کردیا۔ تاہم فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اختلافاتاور حکومت کی جانب سے تاخیر سے کلیئرنس ملنے کے سبب کھلاڑیوں کا ایک بار پھر انٹر نیشنل مقابلے میں شر کت سے محروم رہنے کا خدشہ ہے۔ایونٹ 28 ستمبر سے شروع ہورہا ہے۔فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اگلے دو روز تک کسی بھی ایئر لائن میں قطر کے ٹکٹ دستیاب نہیں، انتظامی کمیٹی کو انٹری کی درخواست میل کردی ہے،کھلاڑیوں کے کورونااور دیگر ٹیسٹ بھی کرانے ہیں،ٹیم کی شر کتمشکوک ہے۔درست صورت حال ہفتے کی دوپہر تک واضح ہوگی۔ پاکستان کے پانچ مرد اور پانچ خواتین کھلاڑیوں کو ایشیائی چیمپئن شپ میں حصہ لینا ہے ان میں قومی چیمپئن شاہ خان، رمیز خان، فہد خواجہ، عاصم قریشی اور بلال یاسین کے علاوہ پرنیا خان ( قومی چیمپئن)، حائقہ حسن ( کراچی) صنم یاسین، ثناء مظفر اور عائشہ فہیم خان شامل تھے، شیڈول کے مطابق قومی کھلاڑیوں کو ہفتے کو قطر روانہ ہونا تھا۔