ای سی بی پھنس گیا، انگلش کرکٹرز کا بھی دورہ پاکستان منسوخی کے فیصلے سے لاتعلقی کا اظہار

September 25, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انگلش کرکٹ بورڈ یکطرفہ اور ناقابل فہم وجوہات پر دورئہ پاکستان منسوخ کرکے بری طرح پھنس گیا ہے۔ اپنے ہی کھلاڑی اور مبصرین اسے احسان فراموش اور ایسے القابات سے نواز رہے ہیں۔ اب کھلاڑیوں اور میڈیا نے بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کیے جانے کا بھانڈا پھوڑ تے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انگلینڈ کے کسی کرکٹر (مرد یا عورت) نے دورے کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا اور نہ ہی ای سی بی نے کسی سے التواء کے لئے کوئی مشورہ لیا۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں کرکٹرز کی یونین ٹیم انگلینڈ پلیئر پارٹنرشپ کے ایک عہدے دار نے بتایا کیا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کا دورہ ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو اندھیرے میں رکھا، کھلاڑیوں سے پوچھا تک نہیں گیا، ای سی بی نے اجلاس کے بعد کھلاڑیوں کو فیصلے کے بارے بتایا۔ عہدے دار کے مطابق اس فیصلے سے کھلاڑیوں کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ یونین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ اتوار کو اس حوالے سے اجلاس میں ای سی بی نے دورہ منسوخ کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرلیا، پلیئر یونین سے رائے بھی نہیں لی گئی۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز 13 اور 14 اکتوبرکو کھیلے جانے تھے، انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں ہمارا کردار نہیں، ہم سے تو یہ بھی نہیں پوچھا گیا کہ کیا آپ سفر کریں گے، ہمیں تو دورہ منسوخ کرنے کے بعد بتایا گیا۔ انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان شارلٹ ایڈورڈز نے اپنے ہی بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو دھوکا دیا ہے۔ آپ سوچیں پاکستان نے ہمارے لیے کیا کیا۔ انہیں انگلینڈ میں بغیر کسی ویکسین پروگرام کے قرنطینہ میں رہنا پڑا، انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا ایک تاریخی دورہ تھا۔ ہم وہاں پہلے کبھی نہیں گئے تھے۔