”قطرے پلاؤ، پولیو سے لڑ جاؤ“جنگ گروپ کی اپیل

September 25, 2021

کراچی (جنگ نیوز) ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کیلئے قومی سطح پر شروع ہونے والی مہم سندھ میں اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ جنگ گروپ نے اس حوالے سے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اور آنے والی نسل کو صحت مند بنائیں۔ میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن (MKR)، جنگ، دی نیوز اور جیو ٹی وی نیٹ ورک (جنگ گروپ) کے تمام چینلز اور اخبارات میں اس حوالے سے خصوصی آگہی مہم پیش کی جارہی ہے۔ ”قطرے پلاؤ،پولیو سے لڑ جاؤ“کے عنوان سے شروع کی گئی اس مہم کے ذریعے عوام الناس کو شعور دیا جارہا ہے کہ اپنے ”کل کو آج ہی بچالو“ کیونکہ چھوٹے بچوں کی صحت کیلئے پولیو کے قطرے انتہائی ضروری ہیں جو اُنہیں آنے والی زندگی میں معذور ہونے سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔ اس مہم کے دوران والدین سے بھی یہ گزارش کی گئی ہے کہ وہ پولیو کے قطروں کے ساتھ بچوں کے مدافعتی نظام کو مزید فعال بنانے کیلئے ”وٹامن اے“ کے قطرے بھی لازمی پلوائیں۔ جنگ گروپ کی مہم کے دوران گھر کے بزرگان کو بھی پولیو کے قطروں کی اہمیت سے آگاہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ معاشرے میں پھیلی پولیو سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرسکیں۔ اب تک نشر کی گئی آگہی مہم میں اُن گھرانوں کو بھی سامنے لایا گیا جو پہلے تو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے خلاف تھے لیکن جب اُن کے بچے اس لاعلاج بیماری میں مبتلا ہوئے تو اب اُن کے پاس افسوس اور آنسوؤں کے سوا کچھ باقی نہیں بچا۔ جنگ گروپ اور میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن کی اس مہم کے ذریعے متعدد بار بتایا گیا کہ پوری دُنیا میں صرف افغانستان اور پاکستان ہی دو ملک باقی ہیں جہاں پولیو وائرس موجود ہے ہمیں پولیو کے خاتمے کیلئے سنہری موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے ملک سے اِس وبا کا خاتمہ کرنا ہے تاکہ اس ملک کے بچوں کا مستقبل، ہمارا معاشرہ اور سرسبز پاکستان صحتمند اور محفوظ رہ سکے۔