’دی کپل شرما شو‘ کیخلاف ایف آئی آر درج

September 25, 2021

عدالت کے منظر میں اداکاروں کو شراب نوشی کرتے ہوئے دِکھانے پر بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابقدی کپل شرما شو کے میکرز کے خلاف ایک قسط پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں شو کی کاسٹ کو کمرہ عدالت کا منظر پیش کرتے ہوئے شراب پیتے دکھایا گیا تھا۔ شکایت کنندہ نے کامیڈی شو کے پروڈیوسرز پر عدالت کی بے عزتی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

یہ مقدمہ مدھیہ پردیش کی شیو پوری ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں وکیل نے دائر کیا تھا جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ’دی کپل شرما شو کی قابل اعتراض مناظر والی قسط 21 اپریل کو بھارتی ٹی وی چینل پر نشر کی گئی تھی۔‘

وکیل کے مطابق شو کے میزبان کپل شرما اور بھارتی ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر ایم پی سنگھ کے خلاف آئی ٹی ایکٹ اور ایکسائز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ اس معاملے کی سماعت یکم اکتوبر کو ہوگی۔

وکیل نے بتایا کہ کمرہ عدالت کے منظر میں، اداکار شراب کی بوتل لے کر اسٹیج پر آتا ہے اور دوسرے لوگوں کو اس کا ذائقہ چکھنے کی تلقین کرتا ہے، یہ منظر عدالت کے وقار کو مجروح کرتا ہے۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی ’دی کپل شرما شو‘ میں خواتین کے بارے میں نازیبا تبصرے جیسا مواد پیش کیا گیا ہے، وکیل نے دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے شو کے بنانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پہلے کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے رابطہ کیا تھا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ دی کپل شرما شو کی جس قسط کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے وہ گزشتہ19 جنوری کو نشر کی گئی تھی جبکہ رواں سال 24 اپریل کو دوبارہ وہی قسط ٹی وی پر چلائی گئی۔