ای گیٹس سسٹم کی خرابی، ہوائی اڈوں پر مسافروں کی لمبی قطاریں

September 27, 2021

راچڈیل(نمائندہ جنگ) دنیا کے مختلف ممالک سے برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر پہنچنے والے مسافروں کو الیکٹرانک پاسپورٹ گیٹ پر آئی ٹی سسٹم کی ناکامی کے باعث لمبی قطاروں میں کلیئرنس کیلئے انتظار کی زحمت اٹھانا پڑگئی۔ ہیتھرو، مانچسٹر اور ایڈنبرا کےہوائی اڈوں کے تمام بائیو میٹرک دروازے مسافروں کو دستی معائنہ کے بغیر چیکنگ کر کے گزرنے کیلئے نصب کیے گئے ہیں۔ جہاں پر آئی ٹی سسٹم میں گڑ بڑ کی وجہ سے انہیں مسائل کا سامنا کرناپڑا، ایسٹ مڈ لینڈ کے ہوائی اڈے پر بھی مسافروں کی طرف سے ایسی ہی شکایات سامنے آئی ہیں ۔ہیتھرو حکام نے اسے سسٹم فیلیئرقرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکے بارڈر فورسز کے عملہ کی ٹیکنیکل ٹیمیں ایسے معاملات کو سلجھانے کے لیے فوری کردار ادا کرتی ہیں۔ یوکے بارڈ فورس کے عملہ نے عارضی خرابی کے باعث مسافروں کیلئے ای گیٹس کی جگہ خدمات پیش کیں اور ضروری چیکنگ کے بعد مسافروں کو جانے کی اجازت دی گئی، یہ امر قابل ذکر ہے کہ یوکے بارڈر فورسز کے پاس ملک بھر میں ہوائی اڈوں، ریل اور بندرگاہوں پر مجموعی طو رپر 270ای گیٹس کام کر رہے ہیں جن کے ذریعے لوگوں کی سفری چیکنگ کے نظام کو موثر ، تیز اورآسان بنایا گیا ہے، مسئلے کے حل کی تصدیق کرتے ہوئے ہیتھرو ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے کہا کہ ای گیٹس پر سسٹم کی خرابی نے ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کو متاثر کیا مگر خرابی دور ہونے کے بعد تمام ای گیٹس عمدہ طریقے سے کام کر رہے ہیں، ہمیں ٹیمیں سرحدی عملے کے ساتھ ملکر مسافروں کو ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ۔