’کورلش عثمان‘ کے مداحوں کا انتظار ختم

September 27, 2021

اسلامی تاریخ پر مبنی شہرہ آفاق ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیکوئل ’کورلش عثمان‘ کے سیزن 3 کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔

کورلش عثمان کے دیکھنے والوں کو سیریز کے تیسرے سیزن کا بےصبری سے انتظار تھا، ایسے میں ڈرامے کےتصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پہلا ٹریلر جاری کیا گیا ہے۔

ترک سیریز کے پروڈیوسر کے مطابق ڈرامے کو جلد ترکی کے ایک ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا، لیکن اب تک ڈرامے کے نشر کیے جانے کے حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ ’ارطغرل غازی‘ کے کردار ‘تُرگت بے‘ کی اس سیزن میں واپسی ہوگی۔

واضح رہے کہ کورلش عثمان کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہی اور ڈرامے کے پروڈیوسر محمد بوزداغ کا کہنا تھا کہ کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہے گا اور یقیناً اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔

خیال رہے کہ تاریخی تُرک سیریز، جو کہ سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کی زندگی کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے، اسے اردو زبان میں ڈب کرکے جیو ٹی وی پر بھی نشر کیا جارہا ہے۔

ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی بھی اس سیریز کے سیٹ کا دورہ کرچکے ہیں۔

عارف علوی سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی اس ڈرامے کے سیٹ کا دورہ کیا تھا۔