• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عارف علوی بھی ’کورلش عثمان‘ کے سیٹ پر پہنچ گئے

صدرِ مملکت عارف علوی اہلیہ ثمینہ علوی سمیت شہرہ آفاق ترک سیریز  ’ارطغرل غازی‘ کے سیکوئل ’کورلش عثمان‘ کے سیٹ پر پہنچ گئے۔

سوشل میڈیا پر ترک سیریز کے پروڈیوسر محمد بوزداغ نے عارف علوی کے سیٹ کے دورے کی تصاویر شیئر کیں۔

محمد بوزداغ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارے سیٹ کا دورہ کرنے پر میں صدر پاکستان  ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ محترمہ ثمینہ علوی  کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ان کے اعتماد اور ڈرامے سے ان کی دلچسپی کے لیے بھی ان کا شکر گزار ہوں۔

سیریز کے پروڈیوسر نے لکھا کہ ان کے ذریعے میں تمام برادر پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ثمینہ علوی اور عارف علوی کی سیریز کے مرکزی کرداروں کے ہمراہ ہنستے مسکراتے تصاویر  سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔

’عثمان بے‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والی براک اور ’بالا خاتون‘ کا کردار ادا کرنی والی اوزگے تورر بھی صدر اور ان کی اہلیہ کے ساتھ ساتھ دکھائی دیے۔

عارف علوی سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری بھی اس ڈرامے کے سیٹ کا دورہ کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ کورلش عثمان کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہی اور ڈرامے کے پروڈیوسر محمد بوزداغ کا کہنا تھا کہ کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہے گا اور یقیناً اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔

خیال رہے کہ تاریخی تُرک سیریز، جو کہ سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کی زندگی کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے، اس وقت اردو زبان میں ڈب کرکے جیو ٹی وی پر نشر کی جارہی ہے۔

تازہ ترین