امیتابھ بچن مالی پریشانیوں کے دور میں کام کیلئے یش چوپڑا کے پاس گئے

September 27, 2021

فلمساز یش چوپڑا نے ہندی فلم انڈسٹری کو نہ صرف رومانی فلمی کہانیوں کے ذریعے ہمیشہ کے لیے تبدیل کیا بلکہ انہوں نے اپنی بے پناہ صلاحیتوں سے بھی ایسا کیا اور ان کی فلم محبتیں لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو مالی پریشانیوں سے نکالنے کا سبب بنی۔

یش چوپڑا کی 89ویں یومِ پیدائش پر ایک واقعہ بیان کیا جارہا ہے کہ کس طرح بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے کیریئر کو ایک نئی زندگی اس وقت ملی جب انہوں نے مالی پریشانیوں کے دنوں میں یش چوپڑا سے کام (جاب) دینے کی بات کی۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی کمپنی اے بی سی ایل 1990 کے عشرے میں ڈرامائی طور پر ناکام ہوگئی، جس کی وجہ سے وہ بری طرح قرضوں میں جکڑ گئے اور اس سے نکلنے کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی تھی تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ یش چوپڑا کے گھر جائیں اور ان سے کام دینے کی بات کریں۔

امیتابھ بچن نے ایک بھارتی میڈیا ادارے سے 2016 میں گفتگو کے دوران کہا کہ انہوں نے جو کارپوریشن بنائی تھی وہ مالی طور پر بری طرح ناکام ہونے کے بعد دیوالیہ ہوگئی اور میں بھی دیوالیہ ہوگیا، اب میں کیا کرسکتا تھا؟ میں نے سوچا کہ میں اداکار ہوں تو پھر دوبارہ اسی طرف جاؤں۔ اور یہی بات میں نے یش جی سے کہی اور کہا میرے پاس کوئی کام نہیں اور مجھے کام کی ضرورت ہے۔

یہ بات حال ہی میں ابھیشک بچن نے بھی ایک انٹرویو میں یو ٹیوبر رنویر الٰہ بادیہ سے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس موقع پر بوسٹن میں کالج چھوڑ کر اپنے خاندان کے پاس آنا پڑا، مجھے معلوم تھا کہ میں اس انداز میں والد کا ہاتھ نہیں بٹا سکتا تھا لیکن میں سمجھتا تھا کہ بطور بیٹا مجھے اس وقت اپنے والد کے پاس ہونا چاہیے اور کسی بھی انداز میں ان کی مدد کرنا چاہیے۔

ابھیشک نے مزید کہا کہ انہی دنوں ایک رات والد (امیتابھ) نے مجھے اپنے اسٹڈی روم میں بلایا اور کہا کہ ان کی فلمیں اچھا بزنس نہیں کر رہیں، کاروباری صورتحال بھی خراب ہے، جس کے بعد وہ واپس اپنے ایکٹنگ کیریئر کی جانب گئے اور انہوں نے اداکاری دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری صبح وہ یش چوپڑا کے پاس گئے اور کہا کہ میرے پاس کوئی کام نہیں اور کوئی دوسرا مجھے کام بھی نہیں دے رہا، تو میں آپ کے پاس آیا ہوں کہ مجھے ایک فلم دیجیے، جس پر یش چوپڑا کے بیٹے ادیتیا چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم محبتیں میں انہیں کاسٹ کیا گیا، جس کے بعد انھوں نے جلد ہی گیم شو کون بنے کروڑ پتی کی میزبانی قبول کرلی، جس کے بعد پھر انھوں نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔