فائرنگ کے مختلف واقعات، رکشہ ڈرائیور جاں بحق، 7 افراد زخمی

September 28, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فائرنگ کے واقعات میں رکشہ ڈرائیور جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی تھانے کی حدود بفرزون کے قریب کائنات ٹاور کے سامنے موٹر پر سوار افراد نے رکشے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ،اسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ مقتول کی شناخت 30 سالہ ابراہیم ولد ابراہیم ولد شہاب الدین کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتاہے ۔ عید گاہ تھانے کی حدود نشتر روڈ کے ایم سی ورکشاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار 42 سالہ محمد اصغر ول محمد منصور اور 41 سالہ زاکر ولد سراج شدید زخمی ہوگئے ۔ سچل تھانے کی حدود جوہر کمپلیکس کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 55 سالہ شاہنواز ولد فیض محمد زخمی ہوگیا، کورنگی دارالعلوم کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کی زد می آکر 28 سالہ عدیل ولد احمد بیگ زخمی ہوگیا ، کورنگی نمبرڈیڑھ میں فائرنگ سے ایک شخص ندیم زخمی ہو گیا ۔ ملیر کھوکرا پار گھونگا گوٹھ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو بھائی 32 سالہ غلام علی38 سالہ محمد علی ولد عمید علی زخمی ہوگئے ۔