ملکی ایئرلائنوں کے اسٹاف کو ایئرپورٹ ٹیکس ادا نہ کرنے کا استثنیٰ ختم کردیا گیا

September 28, 2021

کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ملکی ایئرلائنوں کے عملے جن کو ایئرپورٹ ٹیکس دینے سے استثنیٰ حاصل تھا اس سے مذکورہ ٹیکس وصول کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایئرپورٹ سروسز کے ایڈیشنل ڈائریکٹر راجہ اظہر محمود کے نوٹیفکیشن کے مطابق سی اے اے کی 324ویں ایگزیکٹو میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملکی ایئرلائن کے اسٹاف جن کو سو فیصد رعایتی ٹکٹ جاری کیے جاتے ہیں اور ان کو ایئرپورٹ ٹیکس ادا کرنے سے استثنیٰ حاصل ہے اب وہ ایئرپورٹ ٹیکس ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔ واضح رہے کہ اندرون ملک مذکورہ ٹیکس ملازمین کے لئے 500 روپے ہوگا جبکہ بیرون ملک کے ٹکٹ پر یہ ٹیکس پندرہ سو روپے ہوگا۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔