بلال سعید کی میوزک ویڈیو کینیڈا میں بل بورڈ پر آویزاں

October 05, 2021

معروف پاکستانی گلوکار بلال سعید کی نئی میوزک ویڈیو ’مٹی دا کھلونا‘ کینیڈا میں ڈنڈاس اسکوائر پر بل بورڈ پر آویزاں کی گئی ہے، گلوکار کی یہ کامیابی پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے۔

بلال سعید نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کر کے اپنے مداحوں کو اپنے کیریئر کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی کے بارےمیں بتایا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’بطور پاکستانی فنکار،یہ اُن کی ٹیم اور اُن کے مداحوں کے لیے فخرکا لمحہ ہے !‘

انہوں نے اپنی میوزک ویڈیو کے بارے میں لکھا کہ ’ہم نے اسے کینیڈا میں ڈنڈاس اسکوائر پر بل بورڈ پر آویزاں کر دیا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’مٹی دا کھلونا اِن کی نئی میوزک البم کا پہلا گانا ہے، پورا البم سننےکے لیے ابھی تھوڑا انتظار کریں ۔‘

بلال سعید کو اِس کامیابی پر اُن کے مداحوں، چاہنے والوں اور انڈسٹری کے ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

اداکار فہد مصطفیٰ نے بلال سعید کی کامیابی پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ہمیں آپ پر فخر ہے۔‘