وبا کے دوران ’ آن لائن ڈیٹنگ ایپ‘ پر ملنے والی ضعیف جوڑی کی شادی

October 09, 2021

عالمی وبا کورونا وائرس کے پیشِ نظر لگنے والے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران ’ آن لائن ڈیٹنگ ایپ‘ پر ملنے والے ضعیف جوڑے نے شادی کر لی۔

ایک ضعیف جوڑی نے ’عمر صرف ایک عدد ہے‘ کہاوت کو سچ کر دکھایا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 78 سالہ جم ایڈمز کی جانب سے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ’آن لائن ڈیٹنگ ایپ‘ کے استعمال کا آ غاز کیا گیا، اس دوران اُن کی 79 سالا خاتون آڈری کاؤٹس سے بات چیت اور دوستی ہو گئی۔

8 ماہ چلنے والی اس دوستی کے بعد اس جوڑے نے گزشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو شادی کر لی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جم ایڈمز ایک ریٹائرڈ پروفیسر ہیں اور اُن کی اہلیہ کا 2017ء میں انتقال ہو گیا تھا جبکہ 79 سالہ آڈری کاؤٹس کی 33 سال قبل طلاق ہو گئی تھی۔

یہ خبر 78 سالہ جم ایڈمز کے بیٹے جے جے ایڈمز کی جانب سے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔

جے جے ایڈمز کا اپنے والد کے لیے لکھنا تھا کہ ’میرے والد نے نا ممکن کو ممکن بنا دیا ہے، میرے والد نے 78 سال کی عمر میں اس وبا کے دوران اپنا پیار ڈھوند لیا ہے۔‘

جے جے ایڈمز کی جانب سے یہ ٹوئٹ کرنا ہی تھا کہ یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح ٹوئٹر پر وائرل ہو گئی۔