پیپلز پارٹی ضلع سجاول میں شیرازی اور اینٹی شیرازی دو گروہوں میں تقسیم

October 10, 2021

سجاول ( نامہ نگار ) پیپلز پارٹی ضلع سجاول میں شیرازی اور اینٹی شیرازی دو گروہوں میں تقسیم ہو گئی، دونوں گروہوں نے اپنی جدا جدا سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا، اعلیٰ قیادت معاملہ افہام و تفہیم سے سلجھانے کے لئے سرگرم ہو گئی ہے، مقامی قیادت کی جانب سے کھلی کچہری میں ایک کارکن کو تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنانے کا ذمہ دار شیرازی برادران کو قرار دیا گیاتھا لیکن شیرازیوں کی جانب سے الزامات کی تردید کی گئی ہے۔ چند روز قبل صوبائی مشیر حاجی رسول بخش چانڈیو اور اسپیشل اسسٹنٹ لیاقت آسکانی کی کھلی کچہری میں بدمزگی کے بعد پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قيادت کی جانب سے صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔گذشتہ روز صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی نے حیدر آباد میں پیپلز پارٹی سجاول کے دونوں گروہوں کے رہنماؤں شیرازی گروپ کے سید شفقت حسین شاہ شیرازی، ایم این اے ایاز علی شاہ شیرازی، ایم پی اے شاہ حسین شاہ شیرازی، اور دوسرے گروپ کے رہنماؤں پیپلز پارٹی ضلع سجاول کے صدر محمد علی ملکانی، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری، ایم پی اے ہیر سوہو، پیپلز پارٹی ضلع سجاول کے سابق صدور ارباب وزیر میمن، عبدالستار لوہار سے الگ الگ ملاقات کرکے کھلی کچہری میں ہونے والی بدمزگی کے معاملے پر گفتگو کی اور بیانات رکارڈ کیئے۔