نامناسب آڈیشن کیلئے نامور ڈائریکٹر کا نام استعمال کیا گیا، حرا خان

October 16, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ و ماڈل حرا خان سے ایک شخص نے شوبز انڈسٹری کے نامور ڈائریکٹر کا نام استعمال کرتے ہوئے رابطہ کیا اور ان سے آڈیشن کے لیے نامناسب لباس پہننے کا مطالبہ کیا۔حرا خان نے کچھ روز قبل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس کے مطابق ڈائریکٹر نے ان سے نامناسب آڈیشن کا مطالبہ کیا، وہ ڈائریکٹر انہیں نجی مقام پر بلاکر آڈیشن دینے کا کہتا رہا جب کہ اس نے غیر اخلاقی لباس پہن کر ڈانس اور کیٹ واک کرنے کا بھی کہا۔اداکارہ نے جیو کی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کا رابطہ جس شخص سے ہوا تھا، دراصل وہ ڈائریکٹر نہیں تھا، وہ بس اصل ڈائریکٹر کا نام استعمال کرکے لڑکیوں کو استعمال کررہا تھا۔حرا نے واقعے سے متعلق بتایا کہ ’ڈرامے کے سیٹ پر ساتھی اداکارہ نے ایک نمبر دیا اور کہا کہ ان ڈائریکٹر کے ساتھ میں پہلے کام کرچکی ہوں، یہ نئے چہروں کی تلاش میں ہیں، ان سے رابطہ کرو لیکن دراصل وہ اداکارہ بھی نہیں جانتی تھیں کہ ان سے فیک اکاؤنٹ کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے اور وہ جسے ڈائریکٹر سمجھ رہی ہیں وہ کوئی اور ہے‘۔حرا خان نے کہا کہ ’اس شخص سے میرا رابطہ 9 اکتوبر کو ہوا، وہ شخص مجھ سے کافی پراعتماد لہجے میں بات کررہا تھا، انسٹاگرام پر اس کی فالوونگ بھی کافی زیادہ تھی، کہیں سے نہیں لگ رہا تھا کہ وہ کوئی فیک اکاؤنٹ ہے، میری اس شخص سے بات شروع ہوئی اور فون کال 20 منٹ طویل ہوگئی‘، مجھ سے بار بار نامناسب لباس پہن کر آڈیشن دینے کا مطالبہ کیا جارہا تھا، اس شخص نے یہ بھی کہا کہ آپ کا آڈیشن میں خود ریکارڈ کروں گا‘۔اداکارہ نے کہا کہ ’اس سے پہلے کبھی کسی نے اس قسم کا مطالبہ نہیں کیا تھا اور نا ہی کسی نے مخصوص طرز کے کپڑوں کی فرمائش کی۔حرا نے بتایا کہ ’میں نےانہیں میسج کیا اور کہا کہ جو آپ چاہتے ہیں میں وہ نہیں کرسکتی، علاوہ ازیں اگر آپ کو میری اداکارانہ صلاحیت جاننے کیلئے کسی قسم کے ویڈیو کلپ کی ضرورت ہے تو وہ آپ کو دے دوں گی‘۔