زرعی یونیورسٹی میں ایک روزہ قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد

October 16, 2021

پشاور(جنگ نیوز)سٹوڈنٹس کونسلنگ ،پلیسمینٹ اینڈ ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ زرعی یونیورسٹی پشاور کے زیر اہتمام مین آڈیٹوریم ہال میں " ختم نبوت اور عصر حاضر کے تقاضے تعلیمات نبوی ﷺ کی روشنی میں" کے عنوان سے ایک روزہ قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کررہے تھے. سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا داؤد خان کانفرنس کے مہمان خصوصی جبکہ سابق ڈین خیبر میڈیکل کالج پشاور پروفیسر ڈاکٹر فدا محمد اور سابق ڈائریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے پی (نیپا) قاضی فضل واحد کانفرنس کے مقررین تھے.انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے بہت مسرت اور سعادت کی بات ہے کہ ہم جس سوچ و فکر کو لے کر اس بابرکت محفل میں شریک ہوئے ہیں وہ ہمارے لئے ناصرف ضروری بلکہ ہمارے ایمان کا جز ہے. یقیناً بڑے خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اللّٰہ رب العزت اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کے تذکرے اور یادوں کے لئے چن لیتے ہیں رسول کائنات، فخر موجودات محمد ﷺ کو اللّٰہ تعالیٰ نے نسل انسانی کے لئے نمونہ کاملہ اور اسوہ حسنہ بنایا ہے، آپ ﷺکی سنت کو کامیابی قرار دیا ہے، محسن انسانیتﷺ کی حیات طیبہ کی ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔