محکمہ صحت میں افسران کے تبادلہ و تعیناتیوں کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں قائم

October 17, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ صحت میں اعلیٰ عہدوں پر تبادلوں اور تعیناتیوں کے لئے تین اعلیٰ سطحی سرچ اینڈ پلیسمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جن کا مقصد شفافیت، میرٹ کا حصول اور خدمات فراہمی میں بہتری لانا ہے۔ محکمہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق ملحقہ اداروں اور مختلف پروگراموں کے سربراہوں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے اہلکاروں، سپیشلسٹ اور جنرل کیڈر ڈاکٹروں کے تبادلوں کے لئے الگ الگ پلیسمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ کمیٹیوں کے مینڈیٹ میں تبادلوں وتعیناتیوں کے لئے امیدواروں کی نشاندہی، شارٹ لسٹنگ اور موزوں امیدوار کی سفارش شامل ہیں۔ سینئر پوزیشنوں (اداروں پروگرامز کے سربراہوں) کیلئے کمیٹی سیکرٹری صحت کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے جس کے ارکان میں سپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمن (ای اینڈ اے)، سپیشل سیکرٹری بجٹ اینڈ ڈویلپمنٹ (بی اینڈ ڈی) ڈائریکٹر جنرل سروسز، چیف ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری ای اینڈ اے شامل ہیں۔ کمیٹی ترجیحاً امیدواروں پرمشتمل پینل وزیر صحت کو بھیجے گی جو وہ منظور کرے گا یا منظوری کے لئے مجاز حکام کو بھیجےگا۔ کمیٹی موجودہ محکمہ صحت کے موجودہ ملازمین میں سے پراجیکٹس، پروگرام یا ملحقہ ادارے کے سربراہ کی تعیناتی کے لئے اہل امیدواروں سے درخواست طلب کر سکے گی اور کم از کم تین امیدواروں کا پینل منظوری کے لئے وزیر صحت کو بھیجے گی۔ کمیٹی اپنے پیرا میٹرز متعین کرنے کی خود بھی ذمہ دار ہوگی جو اہل ملازمین کی مختلف عہدوں کے لئے شارٹ لسٹنگ کرسکے گی، سفارشات کے ساتھ امیدواروں کی صلاحیتوں، ماضی کے ریکارڈ کی تفصیلات بھیجے گی، کمیٹی 15 دنوں میں اجلاس کرسکے گی تاکہ مختلف پوزیشنوں کا جائزہ لے سکے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے لئے سرچ اینڈ پلیسمنٹ کمیٹی کی سربراہی سپیشل سیکرٹری ای اینڈ ڈی کریں گے سپیشل سیکرٹری بی اینڈ ڈی شریک چیئرمین ارکان میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، چیف ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری ای اینڈ اے شامل ہیں۔ یہ کمیٹی مذکورہ عہدوں پر تعیناتی کے لئے تین امیدواروں کا پینل سیکرٹری صحت کو بھیجے گی جو اس کی منظوری دے گا یا اسے منظوری کے لئے مجاز حکام کو بھیجے گا۔ یہ کمیٹی بھی اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کرسکے گی اور انہیں سفارشات کے ساتھ سیکرٹری صحت کو بھیجے گی۔ گریڈ 17 اور اوپر کے ملازمین کی تعیناتی کے لئے کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری ای اینڈ اے کریں گے جس کے ارکان میں ڈائریکٹر ایچ آر ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز، ڈپٹی سیکرٹری ای اینڈ اے اور متعلقہ سیکشن افسر شامل ہیں۔ محکمہ صحت خالی آسامیوں پر تعیناتی کے لئے ڈی ایچ اوز، ایم ایس سے درخواست طلب کرے گا جو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو غور کے لئے بھیجی جائیں گی جس کے بعد ورکنگ پیپر ڈی جی ہیلتھ کو بھیجا جائے گااور پھر اسے ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھیجا جائے گا جو ایچ آر کا اجلاس بلائے گا جس کے فیصلوں کی روشنی میں تبادلوں اور تعیناتیوں کی سفارشات تیار کر کے مجاز حکام کی منظوری کے لئے بھیجی جائیں گی۔