اداروں سے مثالی تعلقات، لولی لنگڑی اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،شاہ محمودقریشی

October 17, 2021

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ لولی لنگڑی اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، حکومت کے خاتمے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہوسکتی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، مہنگائی موجودہ حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے، اقتصادی ٹیم ہوم ورک کررہی ہے جس کے مثبت نتائج آئیں گے، آئینی مدت پوری کریں گے، اگلی باری پھر ہماری ہے، انہوں نےکہاکہ ہم نے خطے میں امن کیلئے بھاری قربانی دی، ہماری خواہش ہے افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے، کچھ قوتیں افغانستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں ،انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے سے حکومت کو پٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑا۔کورونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے، لیکن حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔اپوزیشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کیلئے میں صبر کی دعا کر سکتا ہوں حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی، تمام اداروں سے مثالی تعلقات ہیں ۔