ٹی20 ورلڈ کپ،اسکاٹ لینڈ نے تہلکہ مچادیا، بنگلہ دیش کو شکست،دلکش تقریب میں ٹورنامنٹ کا آغاز

October 18, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز اتوار کو عمان کےشہر مسقط میں دلکش تقریب میں ہوا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے ہی روز میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو چھ رنز کی اپ سیٹ شکست دے کر تہلکہ مچا دیا۔ اتوار کی شب مسقط میں141رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش سات وکٹ پر134رنز بناسکی۔ گروپ بی سے بنگلہ دیش کو کوالی فائی کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ میچ کا فیصلہ سنسنی خیز ڈرامے کے بعد آخری گیند پر ہوا۔ اسکاٹ لینڈ کے کرس گریوز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ براڈ ویل 3 اور کرس گریوز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمود اللہ 23 ، نورالحسن 2 ،عفیف حسین 18، مشفیق الرحیم 38 ، لٹن داس 5 اور شکیب الحسن 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔53رنز پر چھ وکٹ گنوا کر اسکاٹ لینڈ نے نا قابل یقین فتح حاصل کی۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ شکیب الحسن میچ میں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں سب سے زیادہ108وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔ انہوں نے سری لنکا کے لاستھ ملنگا کا ریکارڈ توڑا۔ ٹاپ آرڈر بیٹنگ کی ناکامی کے بعد لوئر مڈل آرڈر نے اسکاٹ لینڈ کااسکور کو9وکٹ پر140رنز تک پہنچانے میں مدد دی۔ مہدی حسن نے 19رنز دے کر 3 جبکہ مستفض الرحمن اور شکیب الحسن نے دو دو شکار کیے ۔ قبل ازیں پہلے راونڈ کے افتتاحی میچ میں میزبان عمان نے پاپوا نیو گنی کو دس وکٹ سے آئوٹ کلاس کرکے ٹورنامنٹ کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا۔ میچ کا فیصلہ 38گیندیں پہلے ہوگیا۔ عمان کے کپتان ذیشان مقصود نے 20 رنز دے کر 4 شکار کیے ،انہوں نے اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں، وہ بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ناکام ٹیم نے 9وکٹ پر129 رنز بنائے۔ عمان نے13.4 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ جتندرسنگھ 73 اور عاقب الیاس 50 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ اننگز کے آغاز میں ہی پاپوا نیوگنی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی 2 وکٹیں صفر پر گرگئیں تاہم اسد والا 56 ، چارلس امینی 37 اور سیسی باؤ نے 13 رنزبناکر اسکور مستحکم کیا۔