پیٹرول، ڈالر اور پاؤنڈ کے درمیان دوڑ چل رہی ہے: اعجاز اسلم

October 18, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر طنزیہ ردّعمل دیا گیا ہے۔

ملک بھر میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا، عوام کی جانب سے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کسی نے وزیراعظم سے گھبرانے کی اجازت مانگی تو کسی نے عمران خان کو نئے پاکستان کی مبارک باد دے ڈالی۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باعث جہاں عوام پریشان ہیں تو وہیں اداکار اعجاز اسلم بھی خاصے پریشان نظر آرہے ہیں اور اس حوالے سے اُنہوں نے سوشل میڈیا پر ایک طنزیہ پیغام جاری کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں اعجاز اسلم نے کہا کہ ’پیٹرول، ڈالر اور پاؤنڈ کے درمیان دوڑ چل رہی ہے۔‘

اعجاز اسلم نے کہا کہ ’پیٹرول ڈالر کو پکڑنے کی کوشش کر رہا ہے اور ڈالر پاؤنڈ تک پہنچنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔‘

اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ’تبدیلی زوروں پر ہے۔‘

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137روپے79 پیسے ہوگئی ہے۔