کثیر العیالی اور چار شادیوں کی وجہ سے والد نے میرے ٹیلنٹ کا کبھی نوٹس نہیں لیا، ریکھا

October 18, 2021

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ریکھا اپنی گلیمر، شاندار اداکاری اور صاف گوئی و بے باکی کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ وہ 1970ء کے اواخر اور 1980ء کے عشرے کی صف اول کی ہیروئن رہی ہیں۔

ان کے بارے میں یہ بات بھی مشہور ہے کہ اپنے کیریئر کے دوران وہ چیلنجنگ کردار لینے کے حوالے سے کبھی کسی ہچکچاہٹ کا شکار نہیں ہوئیں اور اسی وجہ سے کامیابی نے ہمیشہ ان کے قدم چومے۔

تاہم یہ سب ایک دم نہیں ہوا بلکہ ان کی کامیابی کی داستان ان کے بچپن سے شروع ہوتی ہے۔ اس حوالے سے ایک پرانے انٹرویو میں اپنے بچپن کا ذکر کرتے ہوئے بالی ووڈ کی اپنے عہد کی ٹاپ اداکارہ نے اپنے والد کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ والد جیمنی گنیسان جو کہ تامل اور تلگو فلموں کے ایک بڑے اداکار تھے، انھوں نے ریکھا کے اندر چھپی صلاحیتوں کا کبھی نوٹس نہیں لیا تھا۔

واضح رہے کہ 10 اکتوبر 1954 کو جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے صدر مقام مدراس، عہد حاضر کے چنئی میں پیدا ہونے والی ریکھا کے والد نے اپنی زندگی میں چار شادیاں کی تھیں۔ اس لیے وہ ریکھا اور ان کی والدہ سے الگ ہوگئے تھے۔

جب انکے والد انھیں انکی والدہ کے پاس چھوڑ کر گئے اس وقت ریکھا بہت چھوٹی بچی تھیں اور مالی مشکلات کی وجہ سے صرف نو برس کی عمر میں انھیں اسکول چھوڑ کر فلم نگری کا رخ کرنا پڑا تھا۔

مشہور اداکارہ سیمی گریوال کو ایک انٹر ویو میں ریکھا نے کہا کہ انکا بچپن بڑا اچھا اور حیرت انگیز تھا۔ ریکھا نے انکشاف کیا کہ والد کے نوٹس نہ لینے کی وجہ یہ تھی کہ ان کی چار شادیوں کی وجہ سے بہت سارے بچے تھے (بارہ بہن بھائی) اور سب ایک ہی اسکول میں پڑھتے تھے۔

ریکھا کے مطابق کئی مرتبہ والد دوسرے بہن بھائیوں کو اسکول چھوڑنے آتے تھے اور تب ہی مجھے پتہ چلا کہ یہ میرے والد ہیں۔ لیکن مجھے ان سے ملنے کا موقع کبھی نہ ملا اور میں نہیں سمجھتی کہ انھوں نے کبھی میرے بارے میں کوئی نوٹس بھی لیا ہو اور نہ ہی انھوں نے کبھی میری جانب دیکھا۔