ورلڈکپ کے ہائی وولٹیج گیم پاک بھارت ٹاکرے سے قبل شعیب اختر اور ہربھجن سنگھ میں ٹوئٹر پر دلچسپ مکالمہ ہوا ہے، جس میں دونوں ہی نے ایک دوسرے پر طنز کے تیر برسائے۔
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران میدان میں آمنے سامنے ہوتے تھے لیکن دونوں ایک بہترین دوست کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں اور دونوں ریٹائرمنٹ کے بعد اکثر ٹیلی ویژن شوز میں اکٹھے نظر آتے ہیں۔
24 اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت اور پاکستان کے ٹاکرے سے قبل ٹوئٹر پر راولپنڈی ایکسپریس اور انڈین ’ٹربینیٹر‘ نے ایک دوسرے کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
شعیب اختر نے ہربھجن سنگھ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ہربھجن کو ’سب کچھ جاننے والا‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ٹاکرے سے قبل میچ پر گفتگو کے دوران یہ تصویر لی گئی ہے۔
اس ٹوئٹ پر ہربھجن سنگھ نے کچھ اعداد و شمار کے ساتھ شعیب اختر پر جوابی حملہ کیا۔
انہوں نے لکھا کہ جب کسی کے پاس ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹیں ہوں اور آپ کے پاس 200 بھی نہ ہوں تو یقیناً 400 وکٹیں رکھنے والا زیادہ جانتا ہوگا۔
شعیب اختر بھی ہربھجن کے طنز پر خاموش نہ رہ سکے اور ماضی میں اپنے باؤنسر سے ہربھجن کو زخمی کرنے کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ میں آپ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔