• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کو ہائی پروفائل ہونے کی قیمت ادا کرنا پڑے گی: جاوید اختر

بھارت کے معروف کہانی کار، شاعر ، نغمہ نگار اور سیاسی کارکن جاوید اختر نے آریان خان منشیات کیس پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ کو ہائی پروفائل ہونے کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید اختر نے گزشتہ روز بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان سے متعلق ممبئی کروز شِپ منشیات کیس پر  تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تاہم جاوید اختر نے کہا کہ ’بالی ووڈ اپنی ’ہائی پروفائل‘ فطرت کی وجہ سے زیر بحث رہا ہے اور اس سے منسلک افراد کو ہمیشہ سے اس کی ’قیمت‘ ادا کرنا پڑتی ہے۔‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید اختر سے اُن کے حالیہ انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ کیا وہ محسوس کرتے ہیں کہ بالی ووڈ کو چھاپوں سے معمول کے مطابق نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ جس پر جاوید اختر نے کہا کہ ’یہ وہ قیمت ہے جو فلم انڈسٹری کو ہائی پروفائل ہونے کی وجہ سے ادا کرنی پڑتی ہے، جب آپ ہائی پروفائل ہوتے ہیں، لوگ آپ کو نیچے گِرانے کی کوشش کرتے ہیں، آپ پر کیچڑ اُچھال کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘

جاوید اختر نے مزید کہا کہ’اگر آپ کا تعلق ہائی پروفائل شعبے سے نہیں ہے اور آپ ایک عام آدمی ہیں تو آپ کو کوئی پتھر نہیں مارے گا اور نہ ہی آپ کو نیچا دکھانے کی کوشش کی جائے گی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’منشیات کیس اب ایک بڑی قومی خبر بن چکی ہے لیکن میں نے اربوں ڈالر کے کوکین پر کوئی سُرخی نہیں دیکھی اور نہ ہی ان جرائم کو خبروں میں دیکھا۔‘

بھارتی میڈیا کے مطابق جب جاوید اختر سے خاص طور پر پوچھا گیا کہ کیا انہیں لگتا ہے کہ شاہ رخ خان اور آریان خان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو اُنہوں نے اس بارے میں اپنی رائے دینے سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔

تازہ ترین