• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور فیملی کو گالیوں پر ردعمل تو آئے گا، معاون خصوصی


اسلام آباد ( نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا تین سال کے دوران کوئی سکینڈل نہیں ملا تو ان کے اہلخانہ پر حملے شروع کر دیئے گئے‘ جب وزیراعظم اورفیملی کوگالیاں دیں گے تواس پر ردعمل تو آئے گا۔

خاتون اول پاکستان کی بیٹی اور ماں ہیں ‘ خاتون صحافی کے پاس ثبوت ہیں تو پورا حق ہے خبردیں لیکن بغیر ثبوت کے اپنی خواہشات کو خبر نہ بنائیں‘ وزیراعظم کیخلاف آرٹیکل لکھنے والی خاتون بتائیں ایف ایٹ میں گھرکہاں سے آیا‘ جواب دیں۔ اپنے بھائی کی سی ڈی اے میں نوکری کا جواب دیں۔ 

کورونا کے باعث پاکستان سمیت دنیا میں مہنگائی ہوئی ہے۔ حکومت عوام کو آٹا، چینی، خوردنی تیل سمیت اشیا خورد و نوش پر ٹارگٹڈ سبسڈی دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ کو اچھے یا برے لگتے ہیں تو ان سے سیاست کیجئے ‘ان کے اہلخانہ برے لگتے ہیں تو بغض رکھئے مگر معاشرتی بگاڑ پیدا نہ کریں، ہم نے نواز شریف اور شہباز شریف کے خاندان کی خواتین کے حوالہ سے کبھی کوئی بات نہیں کی۔ 

انہوں نے کہا کہ تین سال میں کوئی اسکینڈل نہیں ملا تو اب جادو ٹونے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ شہباز گل نے کہا کہ خاتون اول ایک غیر سیاسی خاتون ہیں، ان کے بچے ہیں، نواسے ہیں، سوچیں ذرا آپ کی ماں کی تحقیر کی جائے تو آپ کو کیسا محسوس ہوگا۔ 

اس طرح کے الفاظ استعمال کرنے کا مقصد ان کو گالی دینا ہے۔ آپ بکرے کٹنے، جادو ٹونے اور پتا نہیں کیا کیا لکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد لوگ سیاست کے نام پرافراتفری چاہتے ہیں۔ عمران خان کسی کو مٹھائی کے ڈبے دیکر وزیراعظم نہیں بنے۔

تازہ ترین