کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب نے این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں بالکل مفت اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کر دیا ہے ۔ کراچی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق این آئی سی وی ڈی کے کارڈیک سرجن ڈاکٹرعلی رضا منگی نے اینستھیزیالوجسٹ اسسٹنٹ پروفیسر کمل کمار کے ساتھ گزشتہ روزاوپن ہارٹ سرجری سرانجام دی۔ لاڑکانہ، این آئی سی وی ڈی کا پہلا سیٹ لائٹ سینٹر ہے، جہاں پر انجیوپلاسٹی، انجیوگرافی، کارڈیک اوپی ڈی، ایمرجنسی اور دیگر سہولتیں پہلے سے ہی فراہم کی جاتی ہیں، اور اب لاڑکانہ، این آئی سی وی ڈی کراچی، سکھراور ٹنڈومحمد خان کے بعد چوتھا شہر بن چکا ہے، جہاں پراوپن ہارٹ سرجریز کا باقاعدہ آغاز کردیاگیا ہے۔ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے این آئی سی وی ڈی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔