مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر کا یہ دن آج بھی عالمی ضمیر اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے چیلنج ہے۔
مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے ایک بیان کے ذریعے بھارت کے خلاف یومِ سیاہ پر کشمیری عوام سے اظہارِ یک جہتی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، 5 اگست 2019ء کو بھارت نے دراصل 27 اکتوبر 1947ء کے سیاہ دن کی تاریخ کو دہرایا۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی اقدامات اقوامِ متحدہ کے منشور کی ساکھ مجروح کرنے کا باعث ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم اور نسل کشی نے ہٹلر کے مظالم کی سیاہ تاریخ زندہ کر دی۔
مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیری قیادت نے ہر صعوبت برداشت کی لیکن آزادی کا پرچم سر بلند رکھا۔