کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعد رضوی کا معاملہ عدالت میں ہے، ہم کوئی بادشاہت نہیں کیسے سعد رضوی کو رہا کرسکتے ہیں،مجھے نہیں پتا شیخ رشید نے کیوں کہا کہ ٹی ایل پی دہشتگرد تنظیم نہیں ہے، پولیس اہلکاروں کو شہید و زخمی کرنا، آئین و قانون کو پامال کرنا اور دارالخلافہ پر بزورطاقت قبضے کی کوشش کو دہشتگردی کے علاوہ کچھ نہیں کہا جاسکتا،ٹی ایل پی سے آج بھی مذاکرات ہوئے کل بھی ہوں گے، ہماری شرط یہی ہے کہ ٹی ایل پی سڑکیں خالی کر کے واپس جائےفرانس کا معاملہ پارلیمنٹ میں دیدیا ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔
پروگرام میں پاکستان افغانستان میچ پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز انضمام الحق، مشتاق احمد اور سہیل تنویر سے بھی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اصول وضع کرتی ہے، آپریشن کیسے ہونا ہے یہ لوکل کمانڈرز طے کرتے ہیں، ہم آئین و قانون سے قطعی طور پر آگے نہیں جاسکتے،بہت سے علماء کرام اس پر پرائیویٹ طور پر بات کررہے ہیں، ان تمام علماء کو اپنی رائے عوام کے سامنے رکھنی چاہئے ۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پانچ چھ ہزار لوگوں نے سڑکیں بند کی ہوئی ہیں، حکومت کشت و خون نہیں چاہتی ، ٹی ایل پی کے احتجاج میں اب تک 5پولیس اہلکار شہید جبکہ 49زخمی ہیں جن میں 14کی حالت تشویشناک ہے، پچھلی دفعہ بھی 6پولیس اہلکار شہید اور 700زخمی ہوئے تھے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آئین و قانون کی لڑائی لڑرہے ہیں ہمیں ان پر فخر ہونا چاہئے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم آپریشن یا جانوں کا زیاں نہیں چاہتے لیکن یہ بھی نہیں چاہتے کہ ایک چھوٹا سا دھڑا اسلام آباد پر قبضہ کرلے، حکومت پولیس کی شہادتوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے لیکن آخر کب تک کرے گی، ٹی ایل پی سے آج بھی مذاکرات ہوئے کل بھی ہوں گے، ہماری شرط یہی ہے کہ ٹی ایل پی سڑکیں خالی کر کے واپس جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سعد رضوی کا معاملہ عدالت میں ہے، ہم کوئی بادشاہت نہیں کیسے سعد رضوی کو رہا کرسکتے ہیں،فرانس کا معاملہ پارلیمنٹ میں دیدیا ہے، ٹی ایل پی کو اسلام آباد آنے نہیں دے سکتے، انہیں روکنے کیلئے فورس استعمال کرنا پڑی تو کریں گے،معاہدے کی بنیادی شرط تھی کہ آپ سڑکیں خالی کریں گے،ٹی ایل پی کے لوگ بات چیت کے بعد باہر آکر مکر جاتے ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ تشدد نہ ہو اور امن و امان برقرار رہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان معاملات کی وجہ سے ہم فیٹف پر دوبارہ فلیگ ہونا شروع ہوجاتے ہیں، بھارت بھی اس میں اپنا حصہ ڈالتا ہے جس سے معاملات پیچیدہ ہوجاتے ہیں،شیخ رشید کی میٹنگ میں اپروچ بالکل مختلف نہیں ہوتی،
ان کی اپروچ ہمیشہ یہی رہی ہے کہ حکومت کی رٹ پر سمجھوتا نہیں ہونا چاہئے، مجھے نہیں پتا شیخ رشید نے کیوں کہا کہ ٹی ایل پی دہشتگرد تنظیم نہیں ہے، پولیس اہلکاروں کو شہید و زخمی کرنا، آئین و قانون کو پامال کرنا اور دارالخلافہ پر بزورطاقت قبضے کی کوشش کو دہشتگردی کے علاوہ کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے احتجاج کا ہمیشہ ایک بیانیہ ہوتا ہے، ٹی ایل پی نے لوگوں کے عقیدے کو اپنی سیاست کا مرکز بنالیا ہے، تحریک لبیک کو دہشتگردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے ، کسی جماعت کو لوگوں کے عقیدے پر سرٹیفکیٹ بانٹنے کا حق نہیں ہے، یہ جس طرح احتجاج کررہے ہیں فتنہ پروری پھیلا رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ایسا فیصلہ نہ کیا جائے جس سے خون بہے، ادارے کمزور ہونے کی وجہ سے چھوٹی چھوٹی شرارتیں بڑی ہوجاتی ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی سے معاہدے کرنا یا بات کرنے میں پرابلم نہیں ہے، ہم ٹی ٹی پی سے بھی بات کررہے ہیں ان سے بھی ماضی میں معاہدے رہے ہیں، ٹی ایل پی کی اہم قیادت پہلے ہی گرفتار ہے، کالعدم تحریک کے سوشل میڈیا پر فعال 32لوگ گرفتار کیے گئے ہیں، ایسے 27لوگ شناخت کیے گئے ہیں جنہوں نے انہیں پچھلے چند دنوں میں ساڑھے تین کروڑ روپے دیئے ہیں، انہیں پاکستان سے باہر سے ملنے والی امداد کو بھی ٹریس کیا گیا ہے جو آئی ایس آئی اور آئی بی کا بڑا کام ہے۔
نمائندہ جیو نیوز گوجرانوالہ رانا انصر نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے مظاہرین اس وقت وزیرآباد میں جی ٹی روڈ پر ہیں، مظاہرین کو روکنے کیلئے دریائے چناب کے دونوں پلوں پر بڑے بڑے کنٹینرز کھڑے کر کے ریت کے ڈھیر لگادیئے گئے ہیں، ٹول پلازہ سے دو بڑی خندقیں کھودی اور خاردار تاریں لگائی گئی ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کسی باؤلر کی زیادہ پٹائی ہونا پریشانی کی بات نہیں ہے،حسن علی کو آگے بھی میچ دینا چاہئے وہ یقیناً ردھم میں واپس آجائے گا، حسن علی بڑے دل کا جارحانہ کرکٹر ہے، پاکستان نے افغانستان کی لمبی بیٹنگ لائن اپ کیخلاف اچھی باؤلنگ کی ، افغانستان کی جلدی وکٹیں نہ گرجاتیں تو اسکور 180تک جاسکتا تھا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم 200والی ٹیم ہے پاکستان نے انہیں جلدی آؤٹ کرلیا، بابر اعظم نے بہترین انداز میں باؤلنگ میں تبدیلی کر کے افغان بیٹسمینوں کوبڑے اسکور سے روکا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں عماد وسیم کا اعتماد الگ ہی نظر آرہا ہے، عماد وسیم دلیری کے ساتھ پاور پلے میں نئے بال پر اسپن کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔سابق فاسٹ باؤلر سہیل تنویر نے کہا کہ حسن علی کے ساتھ رن اپ اور ردھم میں مسئلہ آرہا ہے، امید ہے حسن علی اگلے میچ سے قبل اس پر کام کریں گے، حسن علی میچ ونر باؤلر ہے انشاء اللہ بڑے میچ میں بڑی کارکردگی دکھائے گا، افغانستان کا جلدی وکٹیں گرنے کے باوجود 148رنز بنانا بڑی بات ہے۔