• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ہم نے ہر اِک رنگ کو جانا، تیرے آنچل کا رنگ

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: علینہ

ملبوسات: شاہ پوش

آرایش : دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

حیدر بیابانی کا ایک شعر ہے؎’’کتنا پُرکیف موسم نومبر میں ہے…موتیوں جیسی شبنم نومبر میں ہے‘‘تو واقعی ماہِ نومبر کا موسم بڑا ہی دِل فریب و حسین موسم ہوتا ہے کہ ایک طرف ہلکی ہلکی خنکی، ٹھنڈی ہوائیں صُبح و شام میں سرایت کررہی ہوتی ہیں،تو دوسری طرف جابجا گلِ دائودی اور گلِ لالہ کے غُنچے بھی کِھلے کِھلے دکھائی دیتے ہیں اور سب سے بڑھ کر سائبرین پرندے اپنا نیا آشیانہ بنانے کو پَر تول رہے ہوتے ہیں۔ 

فضاؤں میں اِک نغمگی، دھیمی دھیمی خوشبو سی رَچی بسی محسوس ہوتی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ جب بھی کسی نئے موسم کی آمد آمد ہو، تو دِل چاہتا ہے کہ اپنوں کے سنگ اس رُت کی سب ہی ادائیں خُوب انجوائے کی جائیں۔ تو لیجیے، اپنوں کے ساتھ ایسے ہی کچھ لمحات کو یادگار بنانے کے لیے ایک جاذبِ نظر سا انتخاب بھی پیشِ خدمت ہے ۔

ذرا دیکھیے، پیلے اور سفید رنگ کے حسین امتزاج میں کاٹن ایمبرائڈرڈ پیراہن کیسا پیارا لگ رہا ہے۔ سفید پرنٹڈ بیل باٹم پر پیلے دھاگے سے ایمبرائڈری جچ رہی ہے، تو قمیص پردھاگے، زَری اور گوٹے کے کام کی دِل آویزی بھی کمال ہے،جب کہ سفید دوپٹے کے اطراف کنٹراسٹ میں ریڈی میڈ لیس اچھا لُک دے رہی ہے۔ 

پھر پستئی رنگ لباس بمع دوپٹا جدّت نُدرت میں اپنی مثال آپ ہے، تو سفید رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ ایمبرائڈرڈ قمیص خوش گوار تاثر دے رہی ہے،جب کہ لائٹ اسٹیل بلیو رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ تھریڈ ورک سے آراستہ قمیص کی تو شان ہی نرالی ہے۔ پھر پِیچ رنگ فرنٹ اوپن سیلف پرنٹڈ قمیص اور سفید رنگ ٹراؤزر بھی ایک اچھا انتخاب ہے۔

ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں،آپ کے پیارے آپ ہی آپ کہنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ؎’’ہم نے ہر اِک رنگ کو جانا، تیرے آنچل کا رنگ‘‘۔

تازہ ترین
تازہ ترین