پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں قومی وطن پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، جمعیت اہل حدیث کے علاوہ اے این پی، پیپلز پارٹی، وکلا، مزدوروں، کسانوں، تاجروں اور خواتین کے مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آنے سے خیبر پختونخوا احتجاجی مظاہروں کی لپیٹ میں ہے۔ گھریلو خواتین سروں پر خالی برتن اٹھا کر احتجاج کر رہی ہیں اور مزدور گلے میں روٹیوں کے ہار پہن کر احتجاج کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کی طرف سے حکمرانوں پر مزید دبائو بڑھانے کے سلسلے میں پشاور میں پانچ نومبر کو سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
قومی وطن پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، مسلم لیگ (ن)، پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور جمعیت اہل حدیث کے کارکنوں کی طرف سے پی ڈی ایم کے جلسہ عام کے لئے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین فخر سادات سید فیاض علی شاہ پاکستان مسلم لیگ ضلع پشاور کے صدر راشد محمود خان بابوزئی، جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان، نعیم قاسمی اور جمعیت اہل حدیث کے رہنما ڈاکٹر ذاکر شاہ کی طرف سے پی ڈی ایم کے جلسہ کی کامیابی کے لئے پشاور کے تاجروں سے بھی رابطے جاری ہیں۔
جلسہ عام سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کےمرکزی صدر میاں شہباز شریف، قومی وطن پارٹی کے قائد و مرکزی سینئر نائب صدر پی ڈی ایم آفتاب احمد خان شیرپائو اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی خطاب کریں گے۔ جلسہ عام میں پی ڈی ایم کے قائدین کی طرف سے عوام سے مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے اور حکمرانوں پر مزید دبائو بڑھانے کے لئے متحرک ہونے کی اپیل کی جائے گی ۔
اے این پی کی طرف سے بھی صوبے بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جبکہ اے این پی کی طرف سے پشاور میں دس نومبر کو مہنگائی کے خلاف بڑےاحتجاجی جلسے کے لئے تیاریاں تیز کردی گئی ہیں جبکہ اے این پی کے بزرگ سیاستدان و سابق وفاقی وزیر الحاج غلام احمد بلور کی طرف سے مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی کامیابی کے لئے تاجروں سے بھی رابطے شروع کردیئے گئے ہیں۔ مہنگائی کے خلاف بڑھتے ہوئے احتجاج سے حکمرانوں کے لئے مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی عوام کا سامنا نہیں کر سکتے۔
خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت میں کئی گروپ بن چکے ہیں خیبر پختونخوا میں ایک وفاقی وزیر کی سربراہی میں نیا گروپ بھی سامنے آگیا ہے جبکہ حکمران جماعت کی وکٹیں بھی گرنا شروع ہو گئی ہیں اور پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت کی ایک اہم وکٹ گرانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر پرویز خٹک سے ان کے بھائی و ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک کے اختلافات پوائنٹ آف نوریٹرن پر پہنچنے کے بعد پیپلز پارٹی پشاور کے ڈویژنل صدر و سابق وفاقی وزیر لیاقت شباب کی طرف سے حکمران جماعت کے ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک سے ملاقات کر کے انہیں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی جس کے بعد حکمران جماعت کے ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک کی آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان سے تفصیلی مذاکرات ہوئے اور لیاقت خٹک کی طرف سے سابق تحصیل ناظم احد خٹک پی ٹی آئی کے کئی رہنمائوں سینکڑوں کارکنوں اور وفاقی وزیر پرویز خٹک کے خاندان کے متعدد افراد کے ہمراہ حکمران جماعت سے علیحدگی اور پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ لیاقت خٹک اپنے گروپ، پی ٹی آئی کے کئی رہنمائوں اور سینکڑوں کارکنوں سمیت مانکی شریف نوشہرہ میں ہونے والے جلسہ میں حکمران جماعت سے باضابطہ طور پرعلیحدگی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔ ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک کو ضلع نوشہرہ کی سیاست میں کافی اہمیت حاصل ہے وہ نوشہرہ سے دو بار صوبائی اسمبلی کے ممبر اور ایک بار ڈسٹرکٹ ناظم اعلیٰ منتخب ہوئے جبکہ ان کے صاحبزادے احد خٹک نوشہرہ کے تحصیل ناظم منتخب ہوئے ۔
لیاقت خٹک کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد پیپلز پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر شیراعظم خان وزیر کی طرف سے حکمران جماعت کے دوسرے ارکان اسمبلی سے بھی رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ قومی وطن پارٹی کے قائد سینئر سیاستدان اور پی ڈی ایم کے مرکزی سینئر نائب صدر آفتاب احمد خان شیرپائو حکمرانوں پر مزید دبائو بڑھانے کے لئے خود میدان میں نکل آئے ہیں اور احتجاجی مظاہروں کی قیادت کر رہے ہیں جس سے مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے حوصلے بڑھ گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں سیاسی جماعتوں کے کارکن وکلا طلبا نوجوان اور تاجر نئے جوش و جذبہ سے سرشار ہو کر مہنگائی کے خلاف احتجاج کے لئے میدان میں نکل آئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انجینئرامیر مقام بھی حکومت پر دبائو بڑھانے کے لئے خود میدان میں نکل آئے ہیں اور صوبے بھر میں مہنگائی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ پشاور صدر کے صدر راشد محمود بابوزئی کی قیادت میں پشاور میں مہنگائی کے خلاف بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مسلم لیگ کے کارکنوں کے علاوہ طلبا نوجوانوں اور تاجروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
طلبا اور نوجوانوں کی طرف سے حکومت کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی گئی ۔ آٹا چور حکمران ہائے چینی چور حکمران ہائے ہائے یہ کیسی تبدیلی ہے ہر طرف تباہی ہے نیا پاکستان نہیں پرانا پاکستان چاہئے ملک کو بچانا ہے ملک کو سنوارنا ہے نواز شریف کو لانا ہے اور مدینہ ریاست کے دعویدارو غریبوں کو روٹی دو کے پرشگاف نعروں سے گونج اٹھی۔