قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ بھارت اور افغانستان کے میچ کو فِکس کہنا بند کریں، اس میچ میں بھارت نے بہت زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے بھارتی شائقین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’مایوس نہ ہوں، ابھی ٹورنامنٹ باقی ہیں اور ہم فائنل میں آپ سے ملنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم نے ایک بار بھارت کی دُھلائی کرنی ہے۔‘
شعیب اختر نے کہا کہ ’بھارت کے ابھی آگے دو آسان میچز ہیں، اُس میں اچھا اسکور کرکے جیتے اور اپنا رن ریٹ اچھا کرکے جبکہ افغانستان کے خلاف میچ میں بھارت نے بہت اچھا کھیلا اور انہیں ٹورنامنٹ کی شروعات سے ہی ایسے کھیل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’پتہ نہیں کیوں بھارتی ٹیم شروع کے میچز میں مری ہوئی تھی، پاکستان کے خلاف بھی پوری ٹیم بُری طرح بِکھر گئی تھی لیکن بھارت نے افغانستان کے خلاف جس کھیلا کا مظاہرہ کیا ویسے ہی شروعات میں بھی کرنا چاہیے تھا۔‘
سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’اب اگر نیوزی لینڈ کوئی میچ ہارتی ہے تو بھارت سیمی فائنل میں جاسکے گا۔‘
شعیب اختر نے بھارت پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ فائنل آپ کا ہمارے ساتھ ہو کیونکہ ہم آپ کو ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں۔‘
اُنہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شائقین کرکٹ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم! میچ کے پہلے سے طے شدہ ہونے کے بارے میں بات کرنا بند کریں۔‘
شعیب اختر نے کہا کہ ’میں افغانستان اور بھارت دونوں کی حمایت کر رہا ہوں، دیکھتے ہیں کہ کیا ان میں سے کوئی ایک معجزہ دکھاتا ہے اور آگے نکل جاتا ہے۔‘
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گزشتہ روز ہونے والے بھارت اور افغانستان کے درمیان سپر 12 میں گروپ 2 کے میچ کو سوشل میڈیا صارفین نے ’فکس‘ قرار دے دیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں ابوظبی میں افغانستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں کچھ اس طرح کے واقعات رونما ہوئے جنہوں نے صارفین کو میچ کو فکس قرار دینے پر مجبور کردیا۔