برطانوی شاہ چارلس کے آئندہ ہفتے گیانا کے دورے سے قبل بحرِ اوقیانوس کے پار غلاموں کی تجارت میں برطانیہ کے کردار پر باضابطہ معافی مانگنے کے مطالبات زور پکڑ گئے۔
شاہ چارلس نے 27 اکتوبر کو بہاماس سے اپنے دورۂ کیریبین کا آغاز کرنا ہے جس میں گیانا بھی شامل ہے، گیانا جنوبی امریکا کی سر زمین پر واقع برطانیہ کی واحد سابق نو آبادی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے آئی ٹی وی کے مطابق شاہ چارلس کے اس دورے میں اہم چیلنج گیانا کی جانب سے برطانیہ کے نوآبادیاتی ماضی پر ہرجانے کا مطالبہ ہے۔
برطانوی حکام کو خدشہ ہے کہ باضابطہ معافی سے قانونی مثال قائم ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں گیانا اور دیگر سابق نوآبادیات کی جانب سے بھی مالی معاوضے کے مطالبات بڑھ سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شاہ چارلس کی جانب سے باضابطہ معافی مانگنے کا امکان نہیں تاہم وہ ماضی کی ناانصافیوں کا اعتراف کر سکتے ہیں۔
اس کے باوجود گیانا کے بہت سے شہری برطانیہ سے اپنے نوآبادیاتی ماضی پر محض اعتراف کے بجائے عملی اقدامات اور معاوضے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔