• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گفٹ اسکیم کی دستاویزات میں ٹال مٹول، اوورسیز پاکستانی پریشان، اسحاق ڈار سے نوٹس لینے کی اپیل

اسحاق ڈار---فائل فوٹو
اسحاق ڈار---فائل فوٹو

کار ایکسپورٹر ایسوسی ایشن فار پاکستان کے صدر انجینئر راشد محمود اعوان نے خلیجی ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں گفٹ اسکیم کی دستاویزات کی تصدیق میں مبینہ ٹال مٹول پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

اسحاق ڈار کو ارسال کردہ خط میں انہوں نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی مقررہ شرائط کے تحت گفٹ اسکیم یا ٹرانسفر آف ریزیڈنس (ٹی آر) کے ذریعے پاکستان گاڑیاں بھیجتے ہیں، تاہم دستاویزات کی تکمیل میں غیر ضروری رکاوٹیں مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔

راشد اعوان کے مطابق دبئی، قطر اور دیگر خلیجی ممالک سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ درخواست گزاروں کو بار بار بلایا جاتا ہے، اضافی تقاضے رکھے جاتے ہیں اور تاخیر کی واضح وجہ بھی نہیں بتائی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ سفارت خانے یا قونصل خانے کے ایک چکر کے لیے بہت سے پاکستانیوں کو ملازمت سے پورے دن کی چھٹی لینا پڑتی ہے، جس کی تنخواہ بھی کٹتی ہے، آمدورفت اور دیگر اخراجات پر سینکڑوں ریال یا درہم خرچ ہوتے ہیں، بار بار بلانے سے ان پر مالی بوجھ بڑھتا اور ذہنی اذیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

کار ایکسپورٹر ایسوسی ایشن فار پاکستان کے صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ وزارت خارجہ متعلقہ سفارتی مشنز سے شکایات کی تفصیلات طلب کر کے بروقت کارروائی یقینی بنائے اور مطلوبہ دستاویزات، فیس اور تصدیق کی مدت واضح کرے۔

راشد اعوان نے وزارتِ اوورسیز پاکستانیز اور او پی ایف کے چیئرمین سید کمال روزا شاہ سے بھی معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے اور شکایات کے ازالے کا مؤثر نظام بنانے کی اپیل کی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید