• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پنجاب میں ڈینگی مچھر کے حملے جاری ہیں، لاہور میں ڈینگی وائرس وباء کی شکل اختیار کر چکا ہے، جہاں اس وائرس نے مزید 5 افراد کی جان لے لی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 561 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس سے 1 پولیس اہلکار سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے لاہور سے 388، راولپنڈی سے 34، گوجرانولہ اور ملتان سے 11، 11، فیصل آباد سے 9، وہاڑی سے 8 اور قصور سے 7 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈینگی وائرس سے ہلاک 5 افراد کا تعلق لاہور سے ہے جن میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کا اہلکار اکرم بھی شامل ہے، یہ اہلکار کئی روز سے اسپتال میں زیرِ علاج تھا۔

رواں سال پنجاب میں 16 ہزار سے زائد افراد ڈینگی سے متاثر ہو چکے ہیں۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 86 شہری اس وائرس سے متاثر ہو گئے۔

ڈی ایچ او زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں اب تک 4 ہزار 71 افراد ڈینگی سے متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ اس سے یہاں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 17 ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 41 کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ ان علاقوں میں اب تک کُل 2 ہزار 3 سو 57 لوگ ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او زعیم ضیاء نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 45 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ شہری علاقوں میں ڈینگی کے اب تک کُل 1 ہزار 7 سو 14 مریض سامنے آئے ہیں۔

دوسری جانب صوبۂ خیبر پختون خوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ 172 افراد زیرِ علاج ہیں۔

تازہ ترین