• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں بخار کی 3 کروڑ گولیاں غائب، مریض پریشان


محکمہ صحت پنجاب کی بخار کی 3 کروڑ سے زائد گولیاں کہاں گئیں؟ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو آج بھی بخار کی گولی کی تلاش کرتے رہے، میڈیکل اسٹورز پر قلت برقرار رہی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بخار کی گولی کسی میڈیکل اسٹور پر نہیں مل رہی، اسپتالوں میں بھی بُرا حال ہے، مریضوں کا رش لگ چکا ہے، سروسز اسپتال میں ایک بستر پر 2، 2 مریض زیرعلاج ہیں۔

پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی نے مزید 6 افراد کی جان لے لی، 5 مرنے والوں کا تعلق لاہور اور ایک کا راولپنڈی سے ہے۔

صوبے میں ڈینگی کے مزید 456 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 333 کا تعلق لاہور سے ہے۔

رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 19 ہزار 21 جبکہ لاہور میں 14 ہزار 145 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

صوبے میں ڈینگی بخار سے 75 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کا رش برقرار ہے۔

مریضوں کو سخت بخار میں کئی کئی گھنٹے کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے، بعض مریض ویل چیئر پر علاج کے منتظر دکھائی دیے۔

ادھر محکمہ صحت پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈینگی بخار میں استعمال ہونے والی دوا کی 3 کروڑ 24 لاکھ گولیاں مارکیٹ میں بھجوائی گئی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق لیکن صورت حال یہ ہے کہ لاہور میں یہ دوا اب بھی نایاب ہے، لوگ دوا نہ ملنے پر سخت پریشان ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ فارمیسز میں دوا نہیں مل رہی، محکمہ صحت نے کروڑوں گولیاں جہاں بھیجی ہیں ہمیں بھی بتا دیں تاکہ اپنے پیاروں کے علاج کے لیے دوا خرید سکیں۔

تازہ ترین