• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غصہ ٹھنڈا کردیا، انگلینڈ کا پاکستان میں 5 نہیں سات ٹی 20 کھیلنے کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلش کرکٹ حکام نے پاکستانیوں کا غصہ ٹھنڈا کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ نے اگلے سال پاکستان کے ساتھ دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی حامی بھر لی ہے۔ اکتوبر میں پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان کو اس فیصلے سے بڑی کامیابی ملی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو اضافی میچ کھیل کر انگلینڈ ستمبر کے دو میچوں میں پاکستان کے نقصان کا ازالہ کرے گا اور ناراضی کو دور کرے گا۔ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ بورڈ کو اکھٹے ہوکر آگے چلنا ہے۔ دنیا کے تمام بورڈز کیلئے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کو سمجھیں۔ ای سی بی کو اندازہ ہوا ہے کہ دورہ منسوخ کرکے شاید اس نے ناانصافی کی ہے،انگلش حکام نے لاہور آکر معاملات کو بہتر کیا جو ان کی جانب سے بڑے پن کا مظاہرہ ہے ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اپنے فیصلے پر از سر نو غور کررہی ہے۔ منگل کی شب پی سی بی اعلامیے کے مطابق آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اور انگلینڈ پانچ کے بجائے سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔ آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آئے گی۔ ای سی بی چیف ایگزیکٹو ٹام ہیرسن کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ شاندار تعلقات کا خواہاں ہے دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات ہیں۔ اکتوبر میں منسوخ ہونے والے دورے کے بعد مستقبل کی سیریز پر بات چیت ہوئی ،میں نہیں سمجھتا کہ انگلینڈ کا کوئی ایسا کرکٹر ہے جو ٹیلنٹ سے مالا مال پاکستان میں اپنی صلاحیتیں منوانا نہ چاہتا ہو، میں نے پی سی بی سے یہ بھی ڈسکس کیا کہ دونوں ملک کس طرح ایک دوسرے کی کرکٹ میدان میں مدد کر سکتے ہیں۔ خوشی سے پاکستان میں دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کا اعلان کرتا ہوں ان میچوں سے دونوں ملکوں کو ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا خوش آئند اور شائقین کرکٹ کے لیے بہترین خبر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ نے پاکستان میں فل ٹور میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا تھے۔ آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے باعث ان ون ڈے میچوں کو پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ قبل ازیں انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیری سن اور ڈپٹی چیئرمین مارٹن ڈارلو نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں رمیز راجا سے ملاقات کی وہ رات گئے پی سی بی کے سی ای او سلمان نصیر کے ساتھ لاہور سے دبئی روانہ ہوگئے جہاں 12 نومبر سے شروع ہونے والی آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ میں شرکت کریں گے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میڈیا ڈپارٹمنٹ نے قذافی اسٹیڈیم میں ٹام ہیری سن اور مارٹن ڈارلو کی چند تصاویر اور دومنٹ کی ایک ویڈیو ریلیز کی ہے جس میں وہ رمیز راجا، چیف ایگزیکٹیو سلمان نصیر ، ڈائر یکٹر میڈیا سمیع الحسن اور ڈائریکٹر سیکیورٹی (ر) کر نل آصف سے خوشگوار موڈ میں مصافحہ کرتے اور بات چیت کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

تازہ ترین