کراچی (نیوزڈیسک )اریانا افغان ائیر لائن نے کابل سے دبئی کیلئے معمول کی پروازیں بحال کردیں، جس سے بہت زیادہ استعمال ہونے والا فضائی راستہ بحال ہوگیا جو اگست میں طالبان کی مغرب حمایت یافتہ حکومت پر فتح حاصل کرنے کے بعد سے بند تھا۔رپورٹ کے مطابق سرکاری ائیر لائن نے اپنے فیس بک پیج پر بتایا کہ اریانا دبئی اور کابل کے درمیان روزانہ پروازیں چلائے گی اور اس کے یکطرفہ ٹکٹ کی قیمت 550 ڈالرز ہے۔اس ضمن میں ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 4 بجے روانہ ہونے والی پہلی پرواز میں بڑی تعداد میں لوگوں نے ٹکٹس لیے، فی الوقت دبئی واحد بین الاقوامی مقام ہے جو اریانا کو اپنے ائیر پورٹ پر آپریشن کی اجازت دے رہا ہے۔