بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کو مبینہ دھمکی آمیز وائس میسج موصول ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکار کو واٹس ایپ پر ایک وائس نوٹ بھیجا گیا جس میں کروڑوں روپے کا مطالبہ کیا گیا اور بھیجنے والے نے خود کو لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک قرار دیا ہے۔
واقعے کے بعد رنویر سنگھ نے فوری طور پر ممبئی پولیس کو آگاہ کیا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر اداکار کی رہائش گاہ کے باہر اضافی پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ نجی سیکیورٹی گارڈز بھی تعینات ہیں، دوسری جانب تکنیکی ٹیمیں وائس نوٹ کے ماخذ کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔
یہ دھمکی اس واقعے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے جب فلمساز روہت شیٹی کی ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع رہائش گاہ کے باہر رات گئے فائرنگ کی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق 9 منزلہ عمارت پر کم از کم 5 گولیاں چلائی گئیں جن میں سے 1 گولی پہلی منزل پر موجود جم کے شیشے سے ٹکرائی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
تفتیشی حکام اس بات کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا دونوں واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
اس سے قبل لارنس بشنوئی گینگ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے روہت شیٹی کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد مبینہ طور پر ارجو بشنوئی نامی شخص کی آڈیو بھی منظرعام پر آئی تھی۔