• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنگاپور: ریسٹورنٹ کی غلطی سے 3 سالہ بچی کی زبان جھلس گئی

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

سنگاپور کے سابق فٹ بالر رضوان محمد کی 3 سالہ بیٹی کی زبان نجی ریسٹورنٹ کے عملے کی غلطی کے سبب جھلس گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم فروری کو پیش آنے والے حادثے میں نجی ریسٹورنٹ کے عملے نے انسولیٹڈ پانی کی بوتل میں غلطی سے ٹھنڈے پانی کے بجائے کھولتا ہوا گرم پانی بھر دیا تھا۔

41 سالہ سابق فٹبالر رضوان محمد نے اس واقعے کی تفصیلات 4 فروری کو بذریعہ سوشل میڈیا شیئر کیں۔

فیس بُک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ ایک معمول کی سیر و تفریح نے ہمیں اسپتال کے چکر لگوا دیے، ہماری ایک درخواست کے برعکس بیٹی کو ٹھنڈے پانی کی جگہ کھولتا ہوا گرم پانی دے دیا گیا، جس سے بیٹی کی زبان جھلس گئی۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے بیٹی کی بوتل کے لیے ٹھنڈا پانی مانگا تھا، تاہم عملے کے ایک رکن نے غلط فہمی کے باعث اس میں گرم پانی بھر دیا، بچی نے جیسے ہی ایک گھونٹ لیا، وہ درد سے چیخ اٹھی، جس کے بعد ہم اسے فوری طور پر اسپتال لے گئے۔

سابق کھلاڑی نے لکھا ہے کہ پانی بھرنے کی جگہ نظر نہیں آ رہی تھی اور جب بوتل واپس دی گئی تو کسی قسم کی زبانی وارننگ نہیں دی گئی، میں سمجھا کہ اس میں وہی ٹھنڈا پانی ہے جو ہم نے مانگا تھا، بوتل بھرنے سے قبل تصدیق بھی نہیں کی گئی۔

رضوان محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر عملے کی لاپروائی اور غفلت نہ ہوتی تو اس واقعے سے بچا جا سکتا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زبان جھلسنے کے باعث بچی کئی روز تک کھانے پینے سے قاصر رہی، جبکہ وہ اس واقعے سے ذہنی طور پر بھی متاثر ہوئی، تاہم اب اس کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کی خبر سامنے آنے کے بعد نجی ریسٹورنٹ نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید