فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید کی روتے ہوئے سیلفیز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جنہیں دیکھ کر مداح پریشان ہوگئے۔
بیلا حدید نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی چند مختلف سیلفیز شیئر کی ہیں جن میں انہیں پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک تصویر میں اُن کے ہاتھ پر ڈرپ بھی لگی ہوئی ہے۔
امریکی سُپر ماڈل نے سیلفیز شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ کو ایک طویل کیپشن دیا جس میں اپنی ذہنی صحت کی جدوجہد کے بارے میں بات کی۔
بیلا حدید نے اپنی سیلفیز کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور لکھا کہ ’مجھے تم سے اور تمہارے الفاظ سے پیار ہے کیونکہ آپ کے الفاظ سے مجھے طاقت ملی اور اسی لیے میں نے یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے۔‘
ماڈل نے لکھا کہ ’تمام انسان مختلف ہیں، ہر ایک انسان کے پاس پیش کرنے کے لیے کچھ خاص اور منفرد ہوتا ہے اور لوگ بھول جاتے ہیں کہ ہر کوئی بنیادی طور پر اسی طرح محسوس کر رہا ہے وہ کھویا ہوا ہے، اُلجھا ہوا اور یہ سوچتا ہے کہ آخر وہ یہاں کیوں ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’سوشل میڈیا حقیقی دُنیا نہیں ہے، جو بھی جدوجہد کر رہے ہیں، براہ کرم اسے یاد رکھیں اور خود تنہا محسوس نہ کریں، میں آپ کے ساتھ ہوں، میں اُن تمام لوگوں کے ساتھ ہوں جو ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔‘
بیلا حدید نے کہا کہ ’زندگی میں اُتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن سرنگ کے آخر میں ہمیشہ روشنی رہتی ہے اور رولر کوسٹر ہمیشہ کسی نہ کسی وقت مکمل طور پر رُک جاتا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آپ اپنے آپ پر کافی محنت کرتے ہیں، اپنے صدمات، بُرے وقت، خوشیوں اور معاملات کو سمجھنے کے لیے تنہا وقت گزارتے ہیں، تو آپ ہمیشہ اپنے درد کو سمجھنے یا اس سے نمٹنے کے طریقے کے بارے میں مزید جاننے کے قابل رہتے ہیں۔‘
ماڈل نے مزید کہا کہ ’یہاں ہر ایک انسان ذہنی مرض میں مبتلا ہے اور ہم سبھی ان افراد میں شامل ہیں۔‘
آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے سُننے کے لیے بہت شکریہ، میں اپنے چاہنے والوں سے بہت محبت کرتی ہوں۔‘
بیلا حدید کی پوسٹ پر اُن کے دوست اور مداح اُن کے لیے محبت بھرے پیغامات جاری کررہے ہیں۔