• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا سے مقابلہ، جمعرات پاکستان کے حق میں، نومبر خلاف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور آسٹریلیا آج مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے دوسرے سیمی فائنل میں دبئی کے میدان میں مدِمقابل ہوں گے، جسے جیتنے والی ٹیم فائنل میں ٹرافی کی جنگ نیوزی لینڈ کے ساتھ لڑے گی۔

آج 11 نومبر بروز جمعرات یہ میچ کھیلا جارہا ہے، لیکن ماضی میں  یہ مہینہ اور یہ دن کس کس ٹیم کے لیے نیک شگون ثابت ہوا ہے اس کے بارے میں چند دلچسپ معلومات یہاں شیئر کی جارہی ہیں۔

پہلے نومبر کے مہینے کی بات کی جائے تو دونوں ٹیمیں آسٹریلیا میں تین میچز کی سیریز میں آمنے سامنے آئیں، جہاں آسٹریلیا نے 2 میچز میں کامیابی سمیٹی اور ایک میچ بغیر نتیجہ ختم ہوا۔

لیکن جب بات کی جائے جمعرات کے دن کی تو پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دو میچ کھیلے گئے تھے اور دونوں ہی میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

7 مئی 2009 کو آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہوم سیریز کھیلی تو اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے 7 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔

اسی طرح 5 جولائی 2018 کو زمبابوے میں ہوئے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں پاکستان نے فخر زمان اور آصف علی کی دھواں دھار بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت آسٹریلیا کو دھول چٹائی تھی۔

یہاں دیکھنا یہ کہ کونسی ٹیم اپنے تاریخ کا دھارا بدلتے ہوئے حریف کو شکست دے کر نومبر یا جمعرات کا جمود توڑ پائے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کی بات کی جائے تو قومی ٹیم کی پرفارمنس سب کے سامنے ہے، جس نے سپر 12 مرحلے میں بھارت اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ سمیت ہر ٹیم کو شکست سے دوچار کیا ناقابلِ شکست سیمی فائنل تک پہنچی۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم بھی زبردست فارم میں ہے، جہاں اسے صرف انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس نے دیگر تمام حریفوں کو چاروں شانے چت کیا۔

ماہرین کرکٹ کی جانب سے بھی گزشتہ روز انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوئے سیمی فائنل جیسے سنسنی خیز مقابلے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین