• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی آلودہ ترین شہر، لاہور دوسرے نمبر پر


دنیا میں بھر کے اہم شہروں میں آج ایئر کوالٹی انڈیکس کی جانب سے فضائی آلودگی میں پڑوسی ملک بھارت کا دارالحکومت دہلی آلودہ ترین شہر قرار پایا ہے، جبکہ لاہور کو دوسرے اور کراچی کو تیسرے نمبر پر قرار دیا گیا ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دہلی میں پرٹیکیولیٹ میٹرز 592 ریکارڈ کی گئی ہے اور یہاں فضائی آلودگی کی صورتِ حال بد ترین ہے۔

پاکستان کے صوبے پنجاب کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک حد سے تجاوز کر گئی، ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان کا صنعتی شہر فیصل آباد دوسرے روز بھی ملک کا آلودہ ترین شہر قرار پایا ہے، جہاں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 480 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 443 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 186 ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہے، جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی پھیپھڑوں اور دیگر بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔

فضائی آلودگی کی صورتِ حال پر محکمۂ ماحولیات پنجاب نے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کو آلودگی بڑھنے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں سے دمہ، آنکھوں میں جلن، پھیپھڑوں میں انفیکشن اور کھانسی جیسی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

مراسلے میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے حوالے سے ہدایت کی گئی ہے کہ فیروز پور روڈ، سرکلر روڈ، شاہکام انڈر پاسز اور فلائی اوور کے منصوبوں پر کام کے دوران ایل ڈی اے مؤثر اقدامات کرے۔

محکمۂ ماحولیات کی جانب سے ایل ڈی اے کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ان منصوبوں والے مقامات پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے اور تعمیراتی میڑیل کو ڈھانپ کر رکھا جائے۔

تازہ ترین