اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قانون سازی کے معاملے پر مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے ایک اور رابطہ کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو باضابطہ خط لکھ دیا جس میں ان سے انتخابی اصلاحات بل سمیت دیگر اہم قوانین پر اتفاقِ رائے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر آفس اس ضمن میں حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کے لیے مکمل سہولت دے گا، اپوزیشن لیڈر اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔
اسد قیصر کا شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کردار ادا کریں تاکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی اس پر دوبارہ بات چیت کرے۔
خط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر سے کہا ہے کہ انتخابی ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا، سینیٹ سے منظور نہیں ہوا ہے۔
اسد قیصر کا خط میں مزید کہنا ہے کہ حکومت نے یہ بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چاہتے ہیں کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی دوبارہ بل پر بات کرے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ قانون سازی سے متعلق حکومت اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی تھی، یہ کمیٹی اپنی سفارشات دینے میں ناکام رہی ہے۔