کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر اداکار منظر صہبائی نے کہا ہے کہ جب انہوں نے ثمینہ احمد کو شادی کی پیش کش کی تو انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ کیا کہہ رہے ہیں؟منظر صہبائی اور ثمینہ احمد نے اپریل 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا۔
مداحوں نے ان کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔
شادی کے ڈیڑھ سال بعد اب دونوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دونوں کے درمیان کس وقت تعلقات استوار ہوئے اور کیوں انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے‘ کو انٹرویو میں دونوں نے بتایا کہ دونوں کی پہلی ملاقات ‘دھوپ کی دیوار‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔
منظر صہبائی نے بتایا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران ثمینہ احمد کو دیکھتے ہی ان سے پوچھا تھا کہ وہ یہاں ادھر کیا کر رہی ہیں؟ یہاں کیا ہے؟ ثمینہ احمد نے ہنستے ہوئے بتایا کہ منظر صہبائی کی جانب سے ایسا کہنے پر وہ ان سے متعلق سوچنے لگیں کہ ’عجیب انسان ہیں‘۔
منظر صہبائی نے بتایا کہ اس کے بعد ہی انہوں نے ثمینہ احمد کو شادی کی پیش کش کی، جس پر وہ حیران رہ گئیں اور ان سے تعجب سے پوچھا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں؟
ثمینہ احمد کے مطابق پہلی ملاقات کے بعد ان دونوں کا موبائل فون پر رابطہ رہا، جس کے بعد ہی انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔منظر صہبائی کا کہنا تھا کہ انہوں نے تین بار ثمینہ احمد سے شادی سے متعلق پوچھا، جس پر انہوں نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا کہہ رہے ہو؟
جس پر انہوں نے انہیں جواب دیا کہ نکاح کے لیے پوچھنا پڑتا ہے۔منظر صہبائی نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے دنیا اور لوگوں کا نہیں بلکہ صرف اپنا سوچا اور اسی لیے ہی انہوں نے شادی کی۔ان کے مطابق انہیں اس کی کوئی پرواہ نہیں کہ دنیا اور لوگ ان سے متعلق کیا کہتے ہیں؟
ساتھ ہی دونوں نے بتایا کہ ان کی شادی کے فیصلے پر نہ صرف ان کے دوست اور جاننے والے بلکہ ان کے بچے بھی خوش ہوئے۔ایک سوال کے جواب میں ثمینہ احمد نے زائدالعمر افراد کے کرداروں سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ عمر رسیدہ افراد کے لیے بنائے گئے تقریبا تمام کردار ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔