• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل :زارا خان

ملبوسات:مے سون بائے کلیم شیخ

آرایش: Sleek By Annie

کوارڈی نیشن:وسیم ملک

عکّاسی: ایم۔کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

عاطف اسلم کی آواز میں ایک گانا بہت مقبول ہورہا ہے؎’’رفتہ رفتہ صنم…تم سے مِلی نظر…تو ہواہے اثر…خواب سا یہ جہاں…فرش دھواں دھواں…جنّتوں کا شہر… ہم تیرے ہو گئے…یا خدا، عشق میں…گم شدہ دِل جگر… تُو ہی تُو ہر سُو، تُو ہی تُو…تُو ہی خواب ہے، تُو ہی میرے رُوبرو۔‘‘جب نظریں، نظروں سے ملتی ہیں، دِل ایک لَے پہ دھڑکتے ہیں، تو شاید یہ محبّت ہی کا خمار ہوتا ہے کہ دُنیا یک دَم ہی جنّت لگنے لگتی ہے۔ اندر، باہر کا موسم اُجلا اُجلا، نکھرا نکھرا، بہت سُہانا، رومانی، نشیلا سا ہوجاتا ہے۔ تو بس، آج ہم نے بھی اپنی بزم ایسی ہی کسی رُت کے لیے کچھ تقریباتی ملبوسات کے ایک خُوب صُورت انتخاب سے مرصّع کی ہے۔

ذرا دیکھیے، سیاہ بنارسی سگریٹ ٹراؤزر کے ساتھ ڈبل لیئر قمیص کیسی پیاری لگ رہی ہے۔ قمیص کا اِنر بنارسی ہے،تو اَپرشیفون کا، جس پر انتہائی حسین کام کیا گیا ہے،جب کہ پلین شیفون دوپٹے میں کہیں کہیں چَھن اور اطراف میں لیس کی ہم آمیزی خُوب کِھل رہی ہے۔پھرہلکے پستئی رنگ پیراہن کی شان بھی نرالی ہے۔ بیل باٹم کے ساتھ قدرے چھوٹی قمیص ہے، جس کے دامن اور گلے پر زری کا کام ہے، تو ساتھ ٹیل اسٹائل میں فُل ایمبرائڈرڈ فرنٹ اوپن اَپرکوٹ ہے۔

گولڈن براؤن شیڈ میں بنارسی ڈھاکاپاجامےکے ساتھ کام دار قمیص خوش گوار تاثر دے رہی ہے، تو ڈارک براؤن رنگ میں بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ زری اور نگ ورک کی کام دار قمیص ہے۔ اِسی طرح ہلکے سُرمئی رنگ میں قدرے لمبی گھیردار ڈبل لیئر فراک کے بھی کیا ہی کہنے کہ فراک کا اِنر پلین ہے، جب کہ اَپر پر ملٹی شیڈڈ کام ہے۔پھر پستئی ہی کے ایک اور شیڈ میں بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ شِمر شیفون فیبرک میں ایمبرائڈرڈ قمیص اور کرن سے آراستہ پلین دوپٹّا بھی خُوب ہی بہار دکھا رہا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین