لاہور(صباح نیوز) ریلوے ٹرین آپریشن بری طرح متاثر ہونے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر معمول بن گئی روزبروزٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کی مشکلات کم نہ ہوسکیں اور مسافر سردی میں ریلوے پلیٹ فارمز پر گھنٹوں اپنی اپنی ٹرین چلنے کا انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے۔ لاہور، ملتان، کوئٹہ، راولپنڈی، کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی متعدد ٹرینیں 5سے 6گھنٹے کی تاخیر کا شکار رہیں، کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس ٹرین 6 گھنٹے تاخیر سے پہنچی اور تاخیر سے روانہ ہوئی جب کہ بزنس ایکسپریس 4گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔اس کے علاوہ کراچی ایکسپریس 3گھنٹے تاخیر کا شکار رہی، کراچی اور پشاور کے درمیان براستہ لاہور چلنے والی خیبر میل ایکسپریس ٹرین بھی 3گھنٹے کی تاخیر کا شکار رہی اور سیالکوٹ اورکراچی درمیان چلنے والی علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔ دوسری طرف لاہور اور کراچی کے درمیان براستہ پاکپتن چلنے والی ٹرین فرید ایکسپریس ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار رہی، راولپنڈی، ملتان اورکراچی کے درمیان چلنے والی تیز گام ایکسپریس ٹرین ڈیڑھ گھنٹہ تاخیرکا شکار رہی جب کہ کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی عوام ایکسپریس ٹرین ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔ادھر گرین لائن اور جعفر ایکسپریس ٹرینیں بھی ڈیڑھ گھنٹہ تاخیرکا شکار رہیں اور لاہور اور کراچی کے درمیان براستہ فیصل آباد چلنے والی شاہ حسین ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔اس حوالے سے ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیکینکل وجوہات کی بنا پر ٹرینیں لیٹ ہورہی ہیں جب کہ مسافروں کی مشکلات کا علم ہے ہماری کوشش ہے کہ ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر چلیں۔