• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری کوشش ہے تکلیف میں عوام کو ریلیف دیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو تکلیف میں ریلیف دیں۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس میں تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت کےغربت مٹاؤ پروگرام سے بلاسود قرضے دیے جارہے ہیں، اس پروگرام کے قرضے کی واپسی کی شرح 99 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے غربت مٹاؤ پروگرام سے مثبت فرق نظر آرہا ہے، جس سے 30 ملین خاندانوں کو فائدہ مل رہا ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری ان باہمت خواتین کو میں سلام پیش کرتا ہوں، جو ان پیسوں سے چھوٹے کاروبار شروع کرتی ہیں، یہ ہمارے کامیاب پروگرام ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم حکومت میں ہوتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جس طرح قائد عوام کا لینڈ ریفارمز کا منصوبہ تھا اس سے بڑا عوام کی فلاح کا کام کوئی نہیں ہو سکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے دور میں لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام شروع کیا گیا، جب یہ منصوبہ شروع ہوا تو بہت تنقید کی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم عوام سے یہ وعدہ نہیں کرسکتے کہ معیشت بہتر ہوگی، مگر یہ وعدہ ضرور کرتے ہیں کہ جب آپ تکلیف میں ہوں گے آپ کو اس تکلیف سے نکالیں گے، ہم نے یہ کام کرکے دکھایا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہاکہ قائد عوام کے منصوبوں پر ان کی کردار کشی کی گئی، شہید ذوالفقار بھٹو نے بڑے زمینداروں سے زمین لےکر غریبوں کو دلائی۔

انہوں نے کہا کہ ایسا پاکستان کی تاریخ میں کسی نے کام نہیں کیا، راتوں رات غریب کو کچھ دیا گیا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید بی بی کے دور میں بھی انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا، وہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا منصوبہ تھا، ملک اور ملک کے باہر اس پروگرام پر تنقید کی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ مگر شہید بی بی نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پروگرام شروع کیا، وسائل نہ رکھنے والی عورت کو بنیادی نیٹ ورک فراہم کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تنقید کے بعد یہ پروگرام بنگلا دیش، بھارت اور دیگر ملکوں میں شروع کیا گیا، یہ ایک کامیاب منصوبہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بناکر انقلابی کام کیا تھا، وسیلہ حق اور وسیلہ روزگار شروع کیا تھا۔

تازہ ترین