کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم عوام سے یہ وعدہ نہیں کرسکتے کہ معیشت بہتر ہوگی مگر یہوعدہ ضرور کرتے ہیں کہ جب آپ تکلیف میں ہونگے آپکو اس تکلیف سے نکالیں گے اور ہم نے یہ کام کرکے دکھایا بھی ہے، غربت مٹاؤ پروگرام سے سندھ میں مثبت فرق نظر آرہا ہے، 18-2013 کے درمیان سندھ میں نوزائیدہ اموات کی شرح میں 30 فیصد سے زائد کمی آئی ہے، نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں 19 فیصد اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات میں 17 فیصد تک کمی آئی ہے، یہ صوبائی حکومت کی عملی اور نتیجہ پر مبنی صحت کی دیکھ بھال کی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اس لیے ہم حاملہ ماؤں کو انکے گھروں کے نزدیک صحت کی سہولیات رجسٹر کرنے کیلئے مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام شروع کرنے کیلئے ایک اور قدم اٹھا رہے ہیں اور انہیں ہر شیڈول وزٹ بشمول اسپتال یا میٹرنٹی ہوم میں ڈلیوری کیلئے نقد رقم فراہم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں سی ایم سیکریریٹ کی جانب سے شروع کئے گئے ’’سوشل پروٹیکشن اسٹریٹیجی یونٹ‘‘ کے تحت منعقدہ ’مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام‘ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔