کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کے استعفے کے بعد قومی ٹیم کئی ماہ سے بیٹنگ کوچ کی خدمات سے محروم ہے۔ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے دوران تین ہفتے کے لئے میتھیو ہیڈن نے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دیئے تھے۔اب بنگلہ دیش میں ٹیم کا کوئی بیٹنگ کوچ نہیں ہے۔پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اعتراف کیا ہے کہ بیٹرز کو کوچ کی کمی محسوس ہورہی ہے۔ٹیسٹ سیریز میں بیٹنگ کوچ ہونا چاہئے تھا لیکن یہ فیصلہ پی سی بی کا ہے۔گزشتہ روز چٹاگانگ میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز اہم ہے، جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔ ہماری ٹیسٹ ٹیم اچھی ہے، اس مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنا تاثر ڈالیں گے۔بنگلہ دیش کو ہوم گراؤنڈ پر آسان نہیں لے سکتے،یہاں کی کنڈیشنز مختلف ہیں ان مشکل کنڈیشنز میں سیٹ ہونے میں وقت لینا پڑتا ہے ۔ ہمیں فوکس ہونا پڑے گا اورتحمل کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹائم کم ملا ہے ہم کئی ماہ سے وائٹ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں اب ہمیں ٹیسٹ کرکٹ میں سوئچ ہونا ہےلیکن ہم پروفیشنل ہیں جلد سوئچ ہونا پڑے گا۔