معروف پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
صنم سعید نے اپنی ویب سیریز ’قاتل حسینوں کے نام‘ کے ایک حالیہ انٹرویو میں ورچوئل ٹریلر لانچ کے دوران بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ انڈین ٹیلی ویژن کے لیے کام نہیں کرنا چاہتیں، ٹی وی پر کام کرنے کے لیے وہ پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کو ہی ترجیح دیں گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’وہاں فلموں کی بہت سی اقسام ہیں جن میں وہ کام کرنا چاہتی ہیں، بہت سارے اداکار ہیں جن کے ساتھ وہ کام کرنا چاہیں گی، لیکن بالی ووڈ میں انٹری وہ عامر خان کے ساتھ دیناچاہیں گی۔
ہندوستان کےاو ٹی ٹی(OTT )پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد کی مقبولیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ ہندوستان کیسا ہے، ہم نے ان کی فلمیں دیکھی ہیں۔ لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ ہم کیسے نظر آتے ہیں اور ہماری زندگی کیسی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ جاننا ان کے لیےحیران کن تھاکہ ہم ایک جیسے نظر آتے ہیں، ایک جیسا کھانا کھاتے ہیں، ہم عملی طور پر بھائی بہن ہیں‘۔
خیال رہے کہ صنم سعید کی نئی ویب سیریز’قاتل حسینوں کے نام‘ بھارتی اسٹریمنگ سروس ذی فائیو پر ریلیز کی جائے گی۔