• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے ہانگ کانگ اور 6 افریقی ممالک کے لیے سفری پابندیاں عائد کردیں


افریقہ میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ پھیلنے کے باعث پاکستان نے ہانگ کانگ اور 6 افریقی ممالک کے لیے سفری پابندیاں عائد کردیں۔

این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق جنوبی افریقہ، موزمبق، نمیبیا، لیسوتھو اور بوٹسوانا پر سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں، ان ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے5 دسمبر تک سفر کی اجازت ہے، جبکہ مسافروں پر صحت،  ٹیسٹنگ پروٹوکول لاگو رہیں گے۔

این سی اوسی کا کہنا ہے کہ تمام 7 ممالک کو کیٹگری سی میں شامل کیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کا کہنا ہے کہ ان ممالک سے مسافروں کی براہ راست اور بالواسطہ آمد  پر فوری پابندی ہوگی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی میں سفرکرنے والے پاکستانیوں کو سفر کی اجازت لینا ہوگی، پاکستانی مسافروں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ایئر پورٹ پر دکھانا ہوگا، پاکستانی مسافروں کو 72 گھنٹے پہلے کی منفی پی سی آر رپورٹ دکھانا ہوگی، ایئرپورٹ پر مسافر کا ریپڈ اینٹی جین ٹیسٹ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں جنوبی افریقہ سے کورونا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے سبب تشویش پائی جاتی ہے۔

جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔

سائنسدانوں اور طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نئے ویرینٹ پر ویکسین کا زیادہ اثر نہیں ہورہا۔ صورتحال پر غور کے لیے عالمی ادارہ صحت نے ہنگامی اجلاس بلالیا ہے۔

دوسری جانب برطانیہ نے 6 افریقی ممالک کو آج سے ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

یورپی یونین نے جنوبی افریقی ریجن کے ساتھ تمام سفری راستے منقطع کردیے ہیں۔

برسلز سے یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ افریقہ میں کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ پھیلنے کا خطرہ ہے۔

تازہ ترین